بالی ووڈ کی معروف لیجنڈری گلوکارہ آشا بھوسلے کو دل کا دورہ پڑنے اور اچانک طبیعت کی خرابی کے باعث ممبئی کے بریف کینڈی ہسپتال منتقل کردیا گیا، 92سالہ گلوکارہ کی حالت تشویشناک ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق آشا بھوسلے کا طبیعت اچانک خراب ہونے پر ہسپتال کے ایمرجنسی میڈیکل سروسز یونٹ میں علاج کیا جارہا ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ آشا بھوسلے کو ہفتے کے روز اچانک سینے میں تکلیف ہوئی تھی جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔
بھارتی ڈاکٹر پریت سامدانی نے میڈیا کو بتایا کہ آشا بھوسلے کو ہسپتال میں داخل کرنے کے بعد ایمرجنسی یونٹ میں ڈاکٹرز کی زیر نگرانی رکھا گیا ہے، تاہم اس دوران آشا بھوسلے یا اہل خانہ کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں سکا۔ ہسپتال ذرائع نے ابتدائی طور پر ان کی حالت تشویشناک بتائی۔
لتا منگیشکر کی چھوٹی بہن آشا بھوسلے 8ستمبر 1933 کو پیدا ہوئیں اور موسیقی کو اپنی زندگی کے اہم ترین شعبے کے طور پر چن لیا۔ آشا بھوسلے کو لتا منگیشکر کے بعد بالی ووڈ کی بااثر ترین اور ورسٹائل گلوکارہ مانا جاتا ہے جس نے بڑے بڑے گلوکاروں کو اپنے سامنے ٹکنے نہیں دیا۔
حالانکہ ورلڈ ریکارڈ یافتہ لتا منگیشکر کے مقابلے میں آشا بھوسلے کے گائے گئے گیتوں کی تعداد کہیں کم ہے، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس گلوکارہ نے بے شمار گیتوں کو اپنی خوبصورت آواز عطا کی اور متعدد شوز میں بطور جج یا خصوصی مہمان بیٹھ کر موسیقی پر اپنی رائے سے بھی نوازا۔
اپ ڈیٹ
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ آشا بھوسلے کی نواسی نے سوشل میڈیا پر وضاحت جاری کی ہے کہ گلوکارہ کو شدید تھکن اور سینے کے انفیکشن کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم اب لیجنڈری سنگر آشا بھوسلے کی طبیعت بہتر ہوگئی ہے۔
آشا بھوسلے کے قریبی ذرائع کا حوالہ دیتی ہوئی بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق آشا بھوسلے کی طبیعت بہتر ہے اور وہ صحت یاب ہورہی ہیں، تاہم ہسپتال انتظامیہ نے آشا بھوسلے کی طبیعت کے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








