پاکستان کے معروف گلوکار اور عالمی شہرت یافتہ موسیقار عاصم اظہر نے اپنے مداحوں کو حیران کر دیا ہے جب انہوں نے اچانک انسٹاگرام سے تمام پوسٹس حذف کر دیں اور اپنی اسٹوری پر صرف دو الفاظ کا پراسرار پیغام چھوڑا خدا حافظ۔
اپنے ہٹ گانوں اور عالمی فین بیس کے باعث ہمیشہ خبروں میں رہنے والے عاصم اظہر نے نہ صرف تمام تصاویر اور ویڈیوز ڈیلیٹ کیں بلکہ اپنی پروفائل تصویر بھی ہٹا دی۔ اس اچانک اقدام نے سوشل میڈیا پر چہ مگوئیوں کا طوفان برپا کر دیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ سب اس وقت سامنے آیا جب چند دن قبل عاصم اظہر کو اداکارہ یشمہ گل کی سالگرہ میں دیکھا گیا، جہاں وہ ساتھی فنکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ خوشگوار موڈ میں ناچتے ہوئے نظر آئے۔ ویڈیو میں وہ مشہور نغمے پل پل پر جھومتے دکھائی دے رہے تھے۔

ادھر کچھ ہی دن قبل اسلام آباد میں ایک لائیو کنسرٹ کے دوران عاصم اظہر نے منتظمین پر تاخیر سے شو شروع کرنے پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ موسیقی کو پیشہ ورانہ طریقے سے سنبھالنا چاہیے، تاکہ فنکار اور سامعین دونوں کو سہولت ملے۔ ان کے ان بیانات پر سوشل میڈیا پر مداحوں نے حمایت اور تنقید دونوں کا اظہار کیا تھا۔
اب جب کہ انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے مکمل کلین اپ کر دیا ہے، مداحوں میں یہ سوال گردش کر رہا ہے کہ آیا یہ کوئی تشہیری حربہ ہے یا عاصم واقعی سوشل میڈیا اور شہرت کے دباؤ سے عارضی وقفہ لینا چاہتے ہیں۔
فی الحال ان کا پراسرار پیغام خدا حافظ ان کے فالوورز کے لیے سوالیہ نشان بنا ہوا ہے کہ آخر عاصم اظہر کی زندگی میں کیا نیا موڑ آنے والا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








