پنجاب پولیس کی نوجوان خاتون افسر اے ایس پی شہر بانو نقوی نے بین الاقوامی سطح پر ایک بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا، انہیں ایشیا سوسائٹی 21 نیکسٹ جنریشن فیلو شپ (Asia Society 21 Next Generation Fellowship) کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق شہر بانو نقوی نہ صرف اس فیلوشپ کے لیے منتخب ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون پولیس افسر ہیں بلکہ انہیں کلاس آف 2025 میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ انتخاب ان کی قائدانہ صلاحیتوں، پیشہ ورانہ کارکردگی اور معاشرتی خدمات کے اعتراف میں کیا گیا۔
انسپکٹر جنرل پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کے افسران کی عالمی سطح پر پذیرائی نہ صرف محکمہ پولیس بلکہ پورے ملک کے لیے باعثِ فخر ہے۔
یاد رہے کہ ایشیا 21 نیکسٹ جنریشن سمٹ 2025 کا انعقاد 5 سے 7 دسمبر تک فلپائن میں کیا جائے گا جہاں دنیا بھر سے منتخب نوجوان لیڈرز مختلف موضوعات پر مکالمہ کریں گے اور مشترکہ مستقبل کے لیے رہنمائی فراہم کریں گے۔
شہر بانو نقوی اس وقت وزیر داخلہ محسن نقوی کی پرسنل سیکیورٹی آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں اور نوجوان خواتین کیلئے ایک بااعتماد رول ماڈل کے طور پر ابھری ہیں
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








