پنجاب کے ضلع وہاڑی میں کبڈی کے ایک میچ کے دوران کھلاڑی ماکھا جٹ جہانیاں منڈی والا کو اچانک دل کا دورہ پڑا، ساتھی کھلاڑیوں اور منتظمین نے فوری طور پر امداد فراہم کرنے کی کوشش کی تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ کبڈی کے میچ میں حصہ لے رہے تھے۔
صدر پاکستان کبڈی فیڈریشن شافع حسین اور سیکرٹری محمد سرور رانا نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
سیکرٹری محمد سرور رانا نے کہا کہ یہ واقعہ ہمارے علم میں آیا ہے نوجوان کھلاڑی کے میدان میں انتقال پر بہت افسوس ہوا، دعا ہے کہ اللہ اہل خانہ کو صبر عطا فرمائے۔
کھیلوں کے حلقوں میں اس واقعے پر افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ماکھا جٹ ایک معروف اور جرات مند کھلاڑی کے طور پر پہچانے جاتے تھے جنہوں نے مختلف مقامی اور علاقائی مقابلوں میں اپنی ٹیم کیلئے شاندار کارکردگی دکھائی۔
ماکھا جٹ ان کی اچانک وفات نے نہ صرف کھیل کے میدان کو سوگوار کر دیا بلکہ شائقین اور ساتھی کھلاڑی بھی رنجیدہ ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








