تحریکِ انصاف اور فوج کے درمیان بات چیت کا امکان نہیں، عطا تارڑ

تازہ ترین

تازہ ترین

عطا تارڑ
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مجھے فوج اور پی ٹی آئی میں بات چیت کا کوئی امکان نظر نہیں آرہا، برف پگھلنے یا بیک ڈور مذاکرات پر ترجمان پاک فوج رائے زنی کرسکتے ہیں۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات  نے کہا کہ یو ٹرنز کے علاوہ عمران خان کی ذات میں کوئی چیز مستقل نہیں، پہلے کہتے تھے چھوڑوں گا نہیں، اب بات کرنے کا کہتے ہیں۔

پروگرام کے دوران عطا تارڑ نے کہا کہ فوج کو سیاست میں لایا جائے یا اپنی حمایت کرنے کا کہا جائے، یہ کیسی کوشش ہے؟، ان کے سوشل میڈیا سیل سے غالباً کوئی ایسا مواد ملا ہے جس سے یہ منت ترلے کرنے پر مجبور ہوئے۔انہوں نے الیکشن ایکٹ پر بھی تبصرہ کیا۔

عطا تارڑ نے الیکشن ایکٹ میں نئی مجوزہ ترامیم کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پہلے ہی آئین میں موجود تھیں، پارلیمنٹ کی رائے قانون سازی کے ذریعے نظر آئے تو اس کے جو بھی اثرات ہیں وہ سامنے آجائیں گے۔قانون کا اطلاق ماضی سے کرنا بھی پارلیمان کا اختیار ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے تحریکِ لبیک پاکستان کے گرفتار رہنما کی جانب سے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے سر کی قیمت مقرر کرنے سے متعلق ویڈیو کی سخت مذمت کی تھی۔

Related Posts