کوئٹہ صوبہ بلوچستان کے ضلع پشین میں چوکی پر مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 لیویز اہلکار جاں بحق ہوگئے ہیں، واقعے سے متاثرہ علاقے میں صورتحال کشیدہ ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق فائرنگ کے افسوسناک واقعے کے بعد لیویز اور پولیس نے شہر بھر کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا۔حکام کا کہنا ہے کہ شر پسند عناصر کی گرفتاری تک قانونی کارروائی اور تفتیش جاری رہے گی۔
لیویز حکام کے بیان کے مطابق پشین کے علاقے کلی ملیزئی روڈ پر موٹرسائیکل پر سوار مسلح افراد نے لیویز چوکی پر فائرنگ کردی، فائرنگ سے دو لیویز اہلکار یاسر الیاس اور عبدالقدیر شہید ہوگئے۔ ناکہ بندی اور سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں جاں بحق اہلکاروں کی میتیں اسپتال منتقل کردی گئیں، ڈاکٹروں نے بتایا کہ دونوں اہلکاروں کو 3-3 گولیاں لگیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملک دشمن عناصر نے لیویز کی چوکی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا۔
صوبائی حکومت نے پشین لیویز چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ لیویز چیک پوسٹ پر حملہ ناقابل معافی جرم ہے، وزیر اعلیٰ نے واقعے میں ملوث ملک دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








