صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر کرک میں دہشت گردوں نے پولیس موبائل پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 5پولیس اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ تھانہ گرگری کی حدود میں کرک کے علاقے دامی بانڈہ میں پیش آیا جہاں تھانہ گرگری کی پولیس موبائل پر حملہ کیا گیا۔ ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ موبائل معمول کے گشت پر تھی جب دہشت گردوں نے اسے اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔
ترجمان پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور سکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچیں اور علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔ اس دوران ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سمیت پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پرموجود رہی۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ کے بعد پولیس موبائل میں آگ بھڑک اٹھی، شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت شاہد اقبال، صفدر، عارف اور محمد ابرار کے ناموں سے ہوئی۔ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
واقعے کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت ملک کی معروف سیاسی و سماجی شخصیات نے پولیس موبائل کو نشانہ بنانے کی کارروائی کی واشگاف الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








