آسٹریلوی اسٹار بلے باز اسٹیو اسمتھ سیالکوٹ اسٹالینز کا حصہ! پی ایس ایل سے بڑی خبر آگئی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

آسٹریلیا کے تجربہ کار اور عالمی شہرت یافتہ بلے باز اسٹیو اسمتھ کو پاکستان سپر لیگ کے گیارھویں ایڈیشن کیلئے سیالکوٹ اسٹالینز نے براہِ راست معاہدے کے تحت اپنی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نئی پی ایس ایل فرنچائز سیالکوٹ اسٹالینز نے اسٹیو اسمتھ کے ساتھ ڈائریکٹ سائننگ مکمل کرلی ہے جس کے بعد وہ پی ایس ایل 11 میں اسی ٹیم کی نمائندگی کرتے نظر آئیں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اسٹیو اسمتھ نے بہتر مالی آفر اور مضبوط ٹیم مینجمنٹ کو دیکھتے ہوئے سیالکوٹ اسٹالینز کا انتخاب کیا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ آسٹریلوی اسٹار بیٹر کی حالیہ کارکردگی خاصی متاثر کن رہی ہے خصوصاً بگ بیش لیگ میں ان کی شاندار بیٹنگ نے فرنچائزز کی توجہ حاصل کی۔ اسی کارکردگی کے باعث سیالکوٹ اسٹالینز نے انہیں ترجیحی بنیادوں پر سائن کیا۔

واضح رہے کہ سابق آسٹریلوی کپتان ٹم پین کو پہلے ہی سیالکوٹ اسٹالینز کا ہیڈ کوچ مقرر کیا جا چکا ہے جس کا باضابطہ اعلان چند روز قبل سوشل میڈیا کے ذریعے کیا گیا تھا۔ اسٹیو اسمتھ اور ٹم پین کی جوڑی کو ٹیم کے لیے ایک مضبوط اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔

سیالکوٹ اسٹالینز پی ایس ایل 11 میں شامل ہونے والی دو نئی ٹیموں میں سے ایک ہے جسے او زیڈ ڈیولپرز نے خریدا ہے۔ ٹیم کا آفیشل نام سیالکوٹ اسٹالینز رکھا گیا ہے تاکہ شہر کی تاریخی کرکٹ شناخت اور وراثت کو دوبارہ اجاگر کیا جا سکے۔

یہ بھی یاد رہے کہ اسٹیو اسمتھ ماضی میں پاکستان سپر لیگ میں شرکت کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں۔ اگر یہ معاہدہ حتمی طور پر برقرار رہتا ہے تو اسے پی ایس ایل کی تاریخ کی نمایاں اور بڑی سائننگز میں شمار کیا جائے گا۔

Related Posts