محکمۂ امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے پاکستانی پاسپورٹ کے سرورق میں تبدیلی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں پر ردعمل دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر پاکستانی پاسپورٹ سے متعلق مختلف افواہوں کے بعد ڈائریکٹوریٹ نے اس معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایک وضاحتی بیان جاری کیا۔
محکمہ کے مطابق پاسپورٹ کے سرورق میں کوئی ترمیم نہیں کی گئی، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تمام تصاویر بالکل جعلی ہیں۔
بیان میں عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور جھوٹی خبروں پر کان نہ دھریں۔ مزید وضاحت کی گئی کہ پاسپورٹ میں صرف کچھ سکیورٹی فیچرز (حفاظتی خصوصیات) کو بہتر بنایا گیا ہے، اس کے علاوہ کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
محکمہ نے یہ بھی خبردار کیا کہ ملک کے پاسپورٹ کے بارے میں جھوٹی اطلاعات پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ حکومت نے پاسپورٹ سے وہ لائن نکال دی ہے جس میں اسرائیل کے حوالے سے وضاحت کی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








