سعودی عرب نے پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر مالیت کی تیل فراہمی کی سہولت کو ایک اور سال کے لیے مؤخر ادائیگی کی بنیاد پر تجدید کر دی ہے، جبکہ پانچ ارب ڈالر کے ڈیپازٹس بھی مزید مدت کے لیے بڑھا دیے گئے ہیں۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق یہ سہولت سعودی ڈیولپمنٹ فنڈ کے تحت فراہم کی گئی ہے۔ وزارت کے بیان کے مطابق سعودی عرب کی یہ تیل فنانسنگ سہولت، جو تقریباً 290 ارب روپے کے برابر ہے، پاکستان کی توانائی درآمدات میں معاون ثابت ہوگی۔
مزید بتایا گیا کہ سعودی عرب کے وہ پانچ ارب ڈالر کے ذخائر جو پاکستان کے اسٹیٹ بینک میں رکھے گئے ہیں، ان کی مدت بھی بڑھا دی گئی ہے۔ ان میں سے دو ارب ڈالر دسمبر میں اور باقی تین ارب ڈالر جون 2026 میں میچور ہوں گے۔
دستاویزات کے مطابق موجودہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کو اس سعودی سہولت کے تحت تقریباً 85 ارب روپے (تین سو ملین ڈالر) مالیت کا تیل فراہم کیا گیا۔ سعودی عرب ہر ماہ تقریباً 100 ملین ڈالر کے برابر تیل پاکستان کو فراہم کر رہا ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 28.37 ارب روپے بنتے ہیں۔
وزارتِ خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے پانچ ارب ڈالر کے ٹائم ڈیپازٹس پر سالانہ چار فیصد سود لاگو ہے۔
سعودی عرب گزشتہ کئی برسوں سے ان فنڈز کی تجدید کرتا آ رہا ہے۔ یہ ذخائر، جن کی مجموعی مالیت تقریباً ایک ہزار چار سو پینتالیس ارب روپے بنتی ہے، پاکستان کو بجٹ سپورٹ کے طور پر فراہم کیے گئے تھے تاکہ بیرونی مالیاتی توازن کو مستحکم کیا جا سکے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں استحکام پیدا کیا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








