عمران خان پر تحقیقات کیلئے حمود الرحمٰن کمیشن کی رپورٹ پبلک کریں، بابراعوان

تازہ ترین

تازہ ترین

بابر اعوان
(فوٹو: جی این این)

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے سینئر رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان پر تحقیقات کیلئے حمود الرحمٰن کمیشن کی رپورٹ پبلک کرنا ہوگی۔ بانی پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا پوسٹ پر تفتیش کرنی ہے تو کمیشن کی رپورٹ بھی سامنے لائیں جو 1974 میں مکمل ہوچکی تھی۔

نجی ٹی وی پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے کہا کہ حمود الرحمٰن کمیشن ایک تحقیقاتی کمیشن تھا جس کی رپورٹ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے زمانے میں بھارت میں شائع ہوئی اور پاکستان میں بھی دستیاب ہے۔

گفتگو کے دوران بابر اعوان نے کہا کہ حمود الرحمٰن کمیشن کی رپورٹ کی کاپی لینا ہوگی جس کیلئے رپورٹ پبلک کرنا ہوگی، ایف آئی اے سے سوال کیا جائے گا کہ رپورٹ کہاں ہے؟عمران خان نے جو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا، تحقیق کریں کیا یہی کچھ نہیں ہوا؟

سابق وزیر بابر اعوان نے کہا کہ قومی اسمبلی سیشن شروع ہونے سے قبل عمر ایوب کو ہدف بنایا جارہا ہے جو اپوزیشن لیڈر ہیں۔ ایف آئی اے نوٹس بد نیتی پر مبنی ہے۔ یہ چاہتے ہیں کہ بجٹ پر کوئی بات نہ کرے۔ اپوزیشن لیڈر کو بجٹ آنے پر پاس بٹھانے کی مذمت کرتے ہیں۔

بابر اعوان نے کہا کہ تاریخی حقائق بیان کرنے میں کوئی برائی نہیں۔ جو کچھ ہمیں مطالعہ پاکستان میں پڑھایا گیا وہ تاریخ نہیں ہے۔ وہ کچھ خوشامدی ٹولوں کی کہانیاں ہیں، بچے بڑے ہوتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ جو ہمیں پڑھایا گیا ہے، وہ جھوٹ ہے، تاریخ پر بات غداری کیسے ہے؟

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف مقدمات کی 2 سنچریاں بنائی گئیں۔ اب تیسری سنچری کیلئے مواد تلاش کیا جارہا ہے۔ 9 مئی کو عمران خان کو اعلیٰ عدالت سے اٹھا لیا گیا، نہ کوئی تحقیقات ہوئیں، نہ گرفتاری ہوئی۔ 9 مئی کے مقدمات میں 10 ہزار افراد 1 دن میں گرفتار ہوئے تھے۔

Related Posts