ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ، امریکا نے کینیڈا کو 7 وکٹس سے شکست دے دی

تازہ ترین

تازہ ترین

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں میزبان کرکٹ ٹیم امریکا نے کینیڈا کو 7 وکٹس سے شکست دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کینیڈا نے امریکا سے قبل بیٹنگ کرتے ہوئے 194 رنز بنائے تھے۔ 195 رنز کا ہدف حاصل کرنے کیلئے امریکا نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو میزبان ٹیم کی پہلی وکٹ 0 پر گر گئی جبکہ 42 رنز پر دوسرا کھلاڑی بھی آؤٹ ہوگیا۔

تیسری وکٹ کیلئے امریکی بیٹرز ایرون جونز اور اینڈریس گوس نے 131 رنز کی شاندار شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اینڈریس گوس نے 46 گیندوں پر 65 رنز کی اننگز کھیلی اور 173 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔

اینڈریس جون نے بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے صرف 40 گیندوں پر 4 چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے 94 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور یوں امریکا 7 وکٹس کے ساتھ کینیڈا سے میچ جیتنے میں کامیاب ہوگیا۔

مہمان ٹیم کینیڈا کے نکھل دتہ، کلیم ثنا اور ڈلون ہیلیگر 1، 1 کھلاڑی کو پویلین روانہ کرنے میں کامیاب رہے جبکہ امریکی بیٹر ایرون جون کو ناقابلِ شکست 94 رنز کے باعث میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ٹاس اور کینیڈا کی بیٹنگ

کینیڈا نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے افتتاحی میچ میں میزبان امریکا کو جیت کے لیے 195 رنز کا ہدف دیا تھا۔ امریکی کپتان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

آج امریکی شہر ڈیلس میں ہونے والے گروپ اے کے میچ میں امریکا کے کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس جیت کر کینیڈا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس کے بعد کینیڈا کی ٹیم نے شاندار بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹس کے نقصان پر 194رنز بنالیے۔

کینیڈین بیٹر نوونیت دھالیوال نے 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ نکولس کرٹن نے 51، ارون جانسن نے 23، دلپریت باجوہ نے 11 رنز بنائے جبکہ شریاس مووا 32 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے۔امریکی بولرز میں شامل علی خان، ہرمیت سنگھ اور کورے اینڈرسن نے ایک ایک کینیڈین کھلاڑی کو پویلین روانہ کیا۔

Related Posts