راولپنڈی:پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں جاری نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے پہلے مرحلے میں بلوچستان نے اے ٹی ایف سدرن پنجاب کو سات وکٹوں سے ہرا کر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی ہے۔
فاتح ٹیم نے 102 رنز کا ہدف اٹھارویں اوور کی دوسری گیند پر تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ عبدالواحد بنگلزئی 58 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
یہ ان کی نیشنل ٹی ٹونٹی میں پہلی نصف سنچری ہے۔ ان کی اننگز میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ سدرن پنجاب کی یہ ایونٹ میں مسلسل تیسری ناکامی ہے،عمدہ باؤلنگ کرنے پر عماد بٹ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ہدف کے تعاقب میں بلوچستان کو پہلا نقصان کپتان امام الحق کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ وہ 8 کے انفرادی اسکور پر نسیم شاہ کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے۔ دوسری وکٹ کے لیے عبدالواحد بنگلزئی نے بسم اللہ خان کے ہمراہ 57 رنز کی شراکت قائم کی۔
بسم اللہ خان 28 رنز بناکر خوشدل شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں اترنے والے عماد بٹ تین اسکور بنا کر آؤٹ ہوئے۔انہیں حسان خان نے آؤٹ کیا۔
مزید پڑھیں:مہیلا جے وردھنے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے سری لنکن ٹیم کے کوچ مقرر
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








