استعمال شدہ گاڑیوں کی امپورٹ پر پابندی ختم، جانئے شرائط کیا ہیں

تازہ ترین

تازہ ترین

فائل فوٹو

وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پانچ سال پرانی استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد کی اجازت دے دی ہے، تاہم ان پر موجودہ کسٹمز ڈیوٹیز کے ساتھ اضافی 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی بھی عائد ہوگی۔

وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ای سی سی کا اجلاس وزارتِ خزانہ میں منعقد ہوا جس کی صدارت وفاقی وزیرِ خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب نے نیویارک سے ورچوئلی کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی سیکریٹریز اور متعلقہ وزارتوں و ریگولیٹری اداروں کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

سندھ کی سڑکوں پر گاڑیوں کیلئے عمر کی حد مقرر، جانئے ایج لمٹ کتنی ہے؟

بیان کے مطابق ای سی سی نے استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد سے متعلق سمری کا جائزہ لیا اور تفصیلی غور و خوض کے بعد تجویز کردہ اقدامات کی منظوری دی۔

ای سی سی نے درآمدی پالیسی آرڈر 2022 کی متعلقہ شقوں میں ترمیم کا فیصلہ کیا تاکہ استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد کی اجازت دی جا سکے۔ ابتدائی طور پر صرف وہ گاڑیاں درآمد کی جا سکیں گی جو پانچ سال سے زیادہ پرانی نہ ہوں، یہ پابندی 30 جون 2026 تک برقرار رہے گی۔ اس کے بعد گاڑیوں کی عمر کی حد ختم کر دی جائے گی۔

مزید برآں ای سی سی نے ہدایت کی کہ ایسی کمرشل درآمدات ماحولیاتی اور حفاظتی معیارات پر سختی سے پوری اتریں۔

کمیٹی نے یہ بھی منظوری دی کہ پانچ سال سے کم پرانی استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد پر موجودہ کسٹمز ڈیوٹیز کے علاوہ 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی بھی عائد ہوگی، جو 30 جون 2026 تک نافذ العمل رہے گی۔

پریس ریلیز کے مطابق جولائی 2026 سے اس ریگولیٹری ڈیوٹی میں ہر سال دس فیصد پوائنٹس کمی کی جائے گی اور 2029 تک اسے مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا، جیسا کہ ٹیرف پالیسی بورڈ نے تجویز کیا ہے۔

Related Posts