پاکستان کے یورپ میں نوکری اور ملازمت کے خواہش مند افراد کیلئے بڑی خوشخبری سامنے آگئی۔ حکومت اٹلی سے نوکریوں کا ساڑھے 10ہزار کا کوٹہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت اوورسیز پاکستانیز کا کہنا ہے کہ اٹلی نے پاکستان کو آئندہ تین سال کیلئے نوکریوں میں کوٹہ الاٹ کر دیا اور ہرسال 3500 پاکستانی روزگارکیلئے اٹلی جاسکیں گے جو اوورسیز ملازمت کے خواہش مند افراد کیلئے بڑی پیشرفت ہے۔
وزارتِ اوور سیز پاکستانیز کے مطابق ہرسال 1500 سیزنل کوٹہ، 2 ہزار نان سیزنل کوٹہ پر اٹلی جائیں گے،پاکستان کوشپ بریکنگ، ہاسپٹیلی، ہیلتھ کئیر اور زراعت کےشعبوں میں کوٹہ الاٹ کیاگیا ہے۔ اس کے علاوہ ویلڈنگ، ٹیکنیشن اور شیف کی ملازمتیں بھی ملیں گی۔
تازہ ترین پیشرفت کے مطابق وزارتِ اوورسیز پاکستانیز کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں کو ویٹرز، ہاؤس کیپنگ، نرسنگ، میڈیکل ٹیکنیشن اور زراعت و کاشتکاری کےشعبوں میں ملازمتیں دی جائیں گی جبکہ یورپی ممالک میں سے اٹلی وہ پہلا ملک ہے جس کی طرف سے پاکستان کو ملازمتوں کا کوٹہ الاٹ کیا گیا۔
اس حوالے سے وفاقی وزیرچوہدری سالک حسین کا کہنا ہےکہ پاکستان اور اٹلی کےجوائنٹ ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس فروری 2026 میں اسلام آباد میں ہوگا، اٹلی کا پاکستان کیلئے نوکریوں میں کوٹہ مختص کرنا بہت اہم سنگ میل ہے۔ حکومت اپنے محنت کشوں کو باعزت اوورسیز روزگار فراہم کرنے کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








