کراچی: مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران روئی کے بھاؤ میں تیزی کا تسلسل جاری رہا۔ خصوصی طور پر ڈالر کی انتہائی اونچی اڑان کی وجہ سے ٹیکسٹائل اسپینرز روئی کی خریداری کر رہے ہیں جبکہ جنرز پھٹی کی نسبتاً کم ترسیل اور خصوصی طور پر GOT بہت کم ہونے کی وجہ سے پھٹی کی قیمت میں مسلسل اضافہ کی وجہ سے روئی کے اونچے دام طلب کر رہے ہیں۔
ڈالر بے قابو ہوکر مزید بڑھنے کی توقع کی وجہ سے ملز روئی ہاتھ کرتے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے تیزی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے روئی کا بھاؤ فی من 2000 تا 2500 روپے مزید بڑھ گیا ہے جبکہ پھٹی کا بھاؤ فی 40 کلو 9500 تا 10500 روپے کی اونچی سطح پر پہنچ گیا۔
مارکیٹ کے ذرائع کے مطابق اگر ڈالر کی اوڑان اونچی ہوتی رہنے کی صورت میں روئی کے بھاؤ میں اضافہ کا رجحان برقرار رہے گا۔ نیویارک کاٹن کے وعدے کے بھاؤ میں بھی اضافہ کا رجحان دیکھا گیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق فی الحال کپاس کی فصل تسلی بخش بتائی جاتی ہے موسم کی وجہ سے ترسیل نسبتاً کم ہے لیکن ستمبر مہینے کے وسط سے ترسیل بڑھنے کی توقع کی جا رہی ہے۔ کپاس پیدا کرنے والے کچھ علاقوں سے فصل پر کیڑے لگنے کی اطلاعات ہیں خصوصی طور پر فصل کو زیادہ نقصان پہچانے والے گلابی سنڈی سے زیادہ خطرہ ہے۔
ستمبر کا مہینہ کپاس کی فصل کے لئے ستمگر سمجھا جاتا ہے ان دنوں میں کاشکاروں کو زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ فی الحال فصل کی پیداوار میں گزشتہ 31 اگست کی پیداوار کے نسبت تقریبا 100 فیصد اضافہ کے ساتھ 30 لاکھ گانٹھوں کی پیداوار ہوئی۔ 70 فیصد فصل ہنوز آنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر تجارت اور صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے ملک کی برآمدات بڑھانے کے لئے کاوشیں کرنی شروع کردی ہیں اگر ان کی تیار کردہ حکمت عمل پر عمل درامد ہوگا تو ملک کی برآمدات میں اضافہ ہونا شروع ہوسکتا ہے خصوسی طور پر ٹیکسٹائل سیکٹر کو تقویت مل سکتی ہے۔
صوبہ سندھ میں روئی کا بھاؤ فی من 1500 تا 2000 روپے کے اضافہ کے ساتھ 20500 تا 21500 روپے پھٹی کا فی 40 کلو بھاؤ تقریبا 1000 روپے کے اضافے کے ساتھ 9000 تا 10500 روپے صوبہ پنجاب میں روئی کا بھاؤ 21500 تا 22000 روپے پھٹی کا بھاؤ 9000 تا 10500 روپے صوبہ بلوچستان میں روئی کا بھاؤ 20800 تا 21000 روپے پھٹی کا بھاؤ 9300 تا 11000 روپے رہا۔ بنولہ،تیل اور کھل کے بھاؤ میں بھی تیزی ہے۔
کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ میں 1800 روپے کا اضافہ کرکے اسپاٹ ریٹ فی من 21000 روپے کے بھاؤ پر بند کیا۔
کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ بین الاقوامی کاٹن مارکیٹ میں روئی کے بھاؤ میں تیزی رہی چین میں کپاس کی فصل میں کمی اور امریکا میں کاٹن پیدا کرنے والے علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ اور طوفان کی وجہ سے روئی کے وعدے کا بھاؤ بڑھ کر 89.61 امریکن سینٹ کی انچی سطح پر پہنچ گیا۔ USDA کی ہفتہ وار برامدی اور فروخت رپورٹ کے مطابق سال 24-2023 کیلئے 61 ہزار 400 گانٹھوں کی فروخت ہوئی۔
وفاقی حکومت نے 25 ارب ڈالر برآمدات کا ہدف حاصل کرنے کے لئے غیر فعال صنعتوں کو ایک ماہ میں فعال کرنے، انڈسٹریل سپورٹ پیکیج جاری رکھنے اور برآمدی صنعتوں کو 35 ارب روپے کے ریفنڈز چار ستمبر تک ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








