بالی ووڈ اداکارہ دیشا پٹانی کے خاندان کے گھر پر ہونے والی فائرنگ کے واقعے میں ملوث دو ملزمان کو اترپردیش کے شہر غازی آباد میں پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا تھی تاہم اب یہ کیس اپنے انجام کو پہنچتا دکھائی دے رہا ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں مشتبہ افراد کو منگل کی صبح غازی آباد کے علاقے ٹرونیکا سٹی کے قریب محاصرے میں لیا گیا۔ مقابلے کے دوران ایک دہلی پولیس اہلکار زخمی ہوا جبکہ دونوں حملہ آور گولی لگنے سے شدید زخمی ہوئے اور اسپتال منتقلی کے بعد دم توڑ گئے۔
یہ واقعہ 12 ستمبر کو علی الصبح بریلی کے پوش علاقے سول لائنز میں پیش آیا تھا جہاں دیشا پٹانی کے والد سابق ڈپٹی ایس پی جگدیش سنگھ پٹانی ان کی والدہ اور بہن خوشبو پٹانی قیام پذیر تھے۔ حملہ آوروں نے موٹر سائیکل پر آ کر گھر پر 8 سے 10 گولیاں چلائیں اور فرار ہو گئے تھے تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
فائرنگ کے بعد اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے فوری اور سخت کارروائی کا حکم دیا۔ اس کے بعد دہلی پولیس، یو پی اسپیشل ٹاسک فورس اور ہریانہ پولیس نے مشترکہ آپریشن کے ذریعے سی سی ٹی وی فوٹیج، تکنیکی شواہد اور کرمنل نیٹ ورک کی معلومات کی مدد سے حملہ آوروں کی شناخت کی۔
ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت روہتک کے رویندر اور سونی پت کے ارون کے طور پر ہوئی ہے جن کا تعلق روہت گودارا گولڈی برار گینگ سے بتایا جاتا ہے۔ یہ گینگ لارنس بشنوئی نیٹ ورک سے وابستہ ہے جو اس سے قبل سلمان خان، سدھو موسے والا اور کپل شرما جیسے نامور شخصیات کو بھی نشانہ بنانے یا دھمکیاں دینے کے لیے بدنام ہے۔
اطلاعات کے مطابق دیشا پٹانی کی بہن کی جانب سے ہندو مذہبی شخصیات کے حوالے سے مبینہ ریمارکس کے جواب میں اس حملے کی ذمہ داری گینگ نے قبول کی تھی۔ پولیس نے جائے واردات سے غیر ملکی ساختہ اسلحہ، گولیاں اور حملے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی ہے۔
اس واقعے کے بعد دیشا پٹانی کے اہل خانہ کی سیکیورٹی میں مزید اضافہ کردیا گیا جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے گینگ کی مزید سرگرمیوں کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








