بھارتیہ جنتا پارٹی کی سابق ترجمان نوپور شرما کے پیغمبرِ اسلامﷺ کے خلاف گستاخانہ بیان کے بعد پارٹی نے نئے اصول بنادیے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پارٹی کے نئے اصول میں واضح کیا ہے کہ اب صرف سرکاری ترجمان اور پینل کے ارکان کو ٹی وی مباحثوں میں آنے کی اجازت ہوگی۔
ٹی وی پر آنے والے ترجمانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ مذہبی موضوعات کے بارے میں بات نہ کریں، محدود زبان استعمال کریں، پُرجوش اور مشتعل نہ ہوں، کسی کے اکسانے پر بھی پارٹی کے نظریے اور اصولوں کی خلاف ورزی نہ کریں۔
نئے اصول میں نمائندوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ شو میں جانے سے پہلے موضوع کے بارے میں جان لیں اور تیاری کریں۔
اصول کے مطابق ترجمانوں کو پارٹی کے ایجنڈے سے انحراف نہیں کرنا اور محتاط رہنا ہے۔ سرکاری ترجمانوں کو شوز میں غریبوں کی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے کاموں کے بارے میں عوام کو بتانے پر بھی توجہ دینی ہوگی۔