آرٹس کونسل کراچی میں سید کاشف رضا کے شعری مجموعے گلِ دوگانہ کی تقریبِ رونمائی

تازہ ترین

تازہ ترین

Book Launch of Syed Kashif Raza’s Poetry Collection “Gul-e-Dogana” Held at Arts Council Karachi
ONLINE

کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں معروف نشریاتی شخصیت، شاعر، افسانہ نگار اور مترجم سید کاشف رضا کے تازہ ترین شعری مجموعے گلِ دوگانہ کی تقریبِ رونمائی حسینہ معین ہال میں منعقد ہوئی۔

تقریب کی صدارت سینئر صحافی غازی صلاح الدین نے کی جبکہ ممتاز ادیب اور نقاد ناصر عباس نیر مہمانِ خصوصی تھے۔

آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ کے علاوہ ممتاز ادبی شخصیات نورالہدیٰ شاہ، صدیقہ صلاح الدین، تنویر انجم، حوری نورانی، جوہر مہدی اور ناصرہ زبیری نے بھی شرکت کی اور کاشف رضا کے فن پر اپنے تاثرات پیش کیے۔

معروف ادیب عرفان جاوید نے کاشف رضا کی زندگی اور ادبی سفر پر تفصیلی گفتگو کی۔ تقریب کی نظامت شکیل خان اور عمبرین حسیب عنبر نے کی جبکہ معروف صحافی پیرزادہ سلمان نے اپنی نظم آئینے، ملاقات اور زندگی شکریہ پیش کی۔

اپنے خطبۂ صدارت میں غازی صلاح الدین نے جدید زندگی میں شاعری کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شاعری تنہائی کا مداوا ہے، جتنا احساسِ تنہائی بڑھتا ہے اتنی ہی شاعری کی ضرورت بڑھتی ہے۔ شاعری غم کم کرتی ہے اور زندگی کے لیے ناگزیر ہے۔

آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ نے کاشف رضا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وہی لکھا جو سچ میں محسوس کیا۔ ان کا نام آج کے ادبی منظرنامے میں نمایاں ہے۔ آرٹس کونسل مستقبل میں بھی ایسے مزید ادبی اجتماعات کا انعقاد کرتی رہے گی۔

ناصر عباس نیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کاشف رضا معاصر ادب کی ایک اہم آواز ہیں۔ ادبی حلقوں میں وہی لوگ احترام پاتے ہیں جو ممنوعہ موسموں میں بھی لکھنے کی جرات رکھتے ہیں، اور کاشف میں یہ حوصلہ اور تسلسل نمایاں ہے۔

تقریب کے اختتام پر سید کاشف رضا نے آرٹس کونسل اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اپنے نئے شعری مجموعے سے کلام سنایا جس پر حاضرین نے خوب داد دی۔ محفل کا اختتام نامور شاعر صابر ظفر کی سالگرہ کی خوشی میں کیک کاٹنے سے ہوا۔

Related Posts