کراچی کے بہادر شہری کا کارنامہ! ڈاکوؤں کی لوٹ مار ناکام، خوفزدہ ملزمان موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

کراچی میں بڑھتے ہوئے جرائم کے باوجود ایک ہمت والے شہری نے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر دو موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں کی لوٹ مار کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہو گیا ہے، جس کی ویڈیو اب سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہے۔

فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو موٹر سائیکل سوار ملزمان ایک گلی میں داخل ہوتے ہیں اور جیسے ہی وہ بائیک روک کر ایک شہری کے قریب پہنچے، ایک ملزم نے پستول نکال کر شہری کی طرف بڑھنا شروع کیا مگر شہری نے ہمت دکھاتے ہوئے فوراً کھڑے ہو کر موقع پا کر ملزم کو دھکا دے دیا جس سے دونوں ملزمان موٹر سائیکل سمیت نیچے گر گئے اور پستول بھی زمین پر گر گیا۔

اس کے بعد ملزمان نے شہری پر تشدد کرنا شروع کر دیا مگر شہری نے موقع ہاتھ سے جانے نہ دیا اور گر پڑے ہوئے پستول کو اٹھا کر لوڈ کر لیا۔ اس پر ملزمان گھبرا گئے اور اپنی موٹر سائیکل اور پستول چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گئے۔

پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ پولیس نے شہری کے اس بہادرانہ اقدام کی تعریف کی اور اس طرح کے جرائم کے خلاف سخت کارروائی کا عزم ظاہر کیا ہے۔

Related Posts