32 سالہ پاکستانی نژاد امریکی فیشن ڈیزائنر سندس شہریار اپنے منفرد، مجسماتی اور جرات مندانہ اندازِ فیشن کے باعث بین الاقوامی فیشن دنیا میں دھوم مچا رہی ہیں۔
حال ہی میں وہ پہلی پاکستانی ڈیزائنر بنی ہیں جنہیں معروف فیشن میگزین Vogue USA کے دسمبر ایڈیشن میں شامل کیا گیا۔ اس شمارے کے کور اسٹوری میں سپر ماڈل کایا گربر (Kaia Gerber) نے مارک جیکبز (Marc Jacobs) کے فال 2024 کلیکشن کے لیے سندس شہریار کے ڈیزائن کردہ جوتے پہنے۔

امریکی ماڈل کینڈل جینر (Kendall Jenner) نے بھی میٹ گالا (Met Gala) میں سندس کے ڈیزائن کردہ سیاہ کرسٹل جڑے پلیٹ فارم بوٹس پہن کر سب کو متاثر کیا۔
سندس شہریار نے پارسنز اسکول آف ڈیزائن سے تعلیم حاصل کی، جہاں انہوں نے عالمی معیار کے ماہرین کے ساتھ کام کرکے اپنی صلاحیتوں کو نکھارا۔
ان کی فنی مہارت کے باعث انہیں جلد ہی مارک جیکبز جیسے بڑے برانڈ میں شامل کر لیا گیا، جو دنیا کے لگژری گروپ LVMH کے تحت کام کرنے والے معروف فیشن ہاؤسز میں سے ایک ہے۔ اسی گروپ کے دیگر بڑے برانڈز میں Dior، Fendi اور Givenchy شامل ہیں۔
سندس کے ڈیزائنز کو اب تک کئی بین الاقوامی تقریبات، جیسے میٹ گالا کے ریڈ کارپٹ پر دیکھا جا چکا ہے، جہاں کینڈل جینر اور پیرس ہلٹن جیسے مشہور ستاروں نے ان کے تیار کردہ ملبوسات زیبِ تن کیے۔ ان کے تخلیقی نمونے نیویارک فیشن ویک سمیت معروف میگزینز جیسے Vogue، Elle اور i-D Magazine میں بھی شائع ہو چکے ہیں۔
فیشن کے علاوہ سندس شہریار گھڑ سواری کی شوقین ہیں اور وہ 2022 نیویارک میراتھن مکمل کرنے والوں میں شامل رہ چکی ہیں۔ اب وہ اپنا ذاتی فیشن لیبل شروع کرنے جا رہی ہیں، جس میں وہ اعلیٰ فیشن کو پاکستانی ورثے کے ساتھ جوڑنا چاہتی ہیں، تاکہ آئندہ نسل کی پاکستانی خواتین تخلیق کاروں کے لیے ایک مثال اور ترغیب بن سکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








