معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے دوسری شادی کرنے والی خواتین کو اہم مشورہ دیتے ہوئے شادی سے قبل اپنے ہونے والے دوسرے شوہر کے متعلق تحقیق پر زور دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے یوٹیوب چینل پر حال ہی میں پوسٹ کی گئی ویڈیو میں مختلف موضوعات پر گفتگو کی جن میں دوسری شادی سمیت دیگر معاملات پر بات چیت شامل تھی۔ گفتگو کے دوران اداکارہ نے کہا کہ جو خواتین دوسری شادی کریں، ان کیلئے میرا ایک مشورہ ہے۔
اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا کہ میرا مشورہ ہے کہ جس شخص کے بچے بھی ہوں اور اس نے آپ سے پہلے اپنی ایک بیوی سے علیحدگی اختیار کرلی ہو تو یہ ضرور دیکھیں کہ پہلی بیوی کو چھوڑنے کی کیا وجہ تھی؟ جبکہ جو خواتین ماں بن چکی ہوں، ان کیلئے شوہر کو چھوڑنا مشکل کام ہوتا ہے۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ شوہر دوسری شادی کرکے دوبارہ بچوں اور زندگی کو بہتر کرلیتا ہے، لیکن دوسری شادی کرنے والی لڑکی کے والدین کو یہ ضرور علم ہونا چاہئے کہ اس شخص کی پہلی بیوی سے طلاق یا علیحدگی کی کیا وجہ تھی۔ اس کی تحقیقات ضرور کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو شخص ایک بار اپنی بیوی کو چھوڑ چکا ہے، وہ دوسری اور تیسری بار بھی چھوڑ سکتا ہے کیونکہ کسی شخص کی فطرت تبدیل نہیں کی جاسکتی۔جب لوگوں کے ساتھ دھوکا ہوتا ہے تو وہ کہتے ہیں کہ ہائے! ہم پہلے ہی اس شخص کا پتہ کرلیتے۔ ہم نے پوچھا نہیں تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








