بھارت میں شوہر کو لاٹھیاں مار کر بے دردی سے قتل کردیا گیا، مقتول کی بیوی اور آشنا سمیت 4 ملزمان قاتل نکلے۔ پولیس نے واقعے کی ابتدا سے ہی بیوی کے بیانات پر یقین نہیں کیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ بھارتی شہر سری گنگا نگر کے ایک گاؤں میں واقع سنسان سڑک پر رات کے وقت پیش آیا۔ مقتول کی 3 ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی، میاں بیوی رات کی سیر کرنے نکلے تو ان پر جھاڑیوں میں چھپے ہوئے ملزمان نے حملہ کردیا۔
ملزمان نے خاتون کی ملی بھگت سے مقتول کو ڈنڈے مار مار کر زخمی کردیا اور بعد ازاں گلا دبا کر قتل کیا۔ پولیس چند گھنٹوں میں ہی معاملے کی تہہ تک پہنچ گئی۔ بھارتی میڈیا کاکہنا ہے کہ مقتول کی شناخت آشیش کے نام سے ہوئی جس کی موت کو ابتدائی طور پر حادثے کا رنگ دیا گیا تھا۔
خاتون نے واقعے کو کہانی کا رنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک نامعلوم گاڑی نے مقتول آشیش کو ٹکر ماری، گاری سے نکل کر لوٹ مار کرنے والے ملزمان فرار ہوگئے، تاہم پولیس نے واقعے کی تحقیقات سے نتیجہ اخذ کیا کہ مقتول کے جسم پر زخم اور جائے وقوعہ کی حالت خاتون کے بیان کے مطابق نہیں تھی۔
بھارتی پولیس کے مطابق مقتول آشیش کو اس کی بیوی انجلی نے قتل کیا جس کی وجہ یہ تھی کہ انجلی اپنی شادی سے ناخوش تھی اور اپنے آشنا سنجے کے ساتھ رہنے کی خواہش مند تھی۔ یہ واقعہ 30 جنوری کو پیش آیا جب انجلی حسب معمول آشیش کو سیر کے بہانے گھر سے باہر لے گئی۔
آشیش کے آتے ہی انجلی کے کہنے پر ملزمان نے حملہ کیا۔ آشیش کو لاٹھیوں سے مار کر مفلر سے گلا دبایا گیا۔ بعد ازاں انجلی نے کہانی کو توڑ مروڑ کر پیش کیا۔ ابتدائی طور پر آشیش کے اہل خانہ بھی اسے سڑک حادثہ سمجھتے رہے اور واقعے کی رپورٹ بھی نامعلوم گاڑی اور ملزمان کے خلاف درج کرائی گئی۔
تاہم پولیس نے شک کی بنیاد پر سختی سے تفتیش کی تو انجلی کے جوابات الجھنے لگے اور انجلی نے جرم کا اعتراف کرلیا۔ پولیس نے ملزمہ کے کہنے پر انجلی، اس کے آشنا 25سالہ سنجے، 20سالہ روہت اور بادل سمیت 4ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان نے قتل کا اعتراف کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








