ابھی خرید لیں ورنہ بعد میں پچھتائیں گے! فی تولہ سونا 10 ہزار روپے مہنگا ہونے کا امکان

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان میں سونے کی قیمت آج ایک بار پھر نئی بلند ترین سطح پر پہنچنے کا امکان ہے کیونکہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 10 ہزار روپے تک مہنگا ہوسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز عالمی مارکیٹ میں سونا ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا، جہاں فی اونس قیمت 3,900 ڈالر سے بھی تجاوز کر گئی۔ ابتدائی ایشیائی کاروباری اوقات میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.9 فیصد اضافے کے ساتھ 3,922.28 ڈالر فی اونس تک جا پہنچی، جب کہ کچھ دیر کے لیے یہ 3,924.39 ڈالر کی سطح پر بھی دیکھی گئی۔ دسمبر کے لیے امریکی فیوچر گولڈ کنٹریکٹس بھی 1 فیصد اضافے کے ساتھ 3,947.30 ڈالر پر ٹریڈ ہو رہے تھے۔

عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں یہ اضافہ مختلف سیاسی اور معاشی غیر یقینی صورت حال کے باعث ہوا ہے۔ جاپان میں قیادت کی تبدیلی کے بعد ین (yen) کی قدر میں کمی آئی ہے جبکہ امریکہ طویل حکومتی شٹ ڈاؤن کا سامنا کر رہا ہے۔ ایسے حالات میں سرمایہ کار محفوظ سرمایہ کاری کے لیے سونے کا رخ کر رہے ہیں۔

پاکستان میں سونے کی قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ کے مطابق ہوتا ہے، اسی لیے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مقامی مارکیٹ میں آج سونا تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ جائے گا۔ آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے نئے نرخ آج دوپہر 2 بجے جاری کیے جائیں گے۔

سال 2025 میں اب تک سونے کی قیمت میں 49 فیصد اضافہ ہو چکا ہے، جب کہ 2024 میں بھی یہ 27 فیصد بڑھی تھی۔ اس اضافے کی بڑی وجوہات میں مرکزی بینکوں کی جانب سے خریداری، گولڈ سے منسلک فنڈز میں سرمایہ کاری، کمزور ڈالر اور عام صارفین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی شامل ہے جو سیاسی اور معاشی خطرات سے بچنے کے لیے سونے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

علاوہ ازیں، دیگر قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ چاندی کی قیمت میں 0.8 فیصد اضافہ ہو کر 48.33 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، پلاٹینم 1.1 فیصد اضافے کے ساتھ 1,621.90 ڈالر اور پیلیڈیم 0.8 فیصد بڑھ کر 1,270.25 ڈالر فی اونس ہوگیا۔

Related Posts