بیجنگ: نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے چینی صدر کی جانب سے دئیے گئے عشائیے میں شرکت کی ہے جس کے دوران عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم چین میں جاری تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کیلئے چین پہنچے تھے۔ چینی صدر شی جن پنگ نے مہمان عالمی رہنماؤں کے حق میں عشائیہ دیا جس میں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان کی نمائندگی کی۔
عشائیے میں شرکت کیلئے نگران وزیر اعظم گریٹ ہال آف پیپلز پہنچے جہاں چینی صدر شی جن پنگ نے خاتونِ اوّل پانگ لی یوان کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی کابینہ اراکین نے بھی چینی صدر کے عشائیے میں شرکت کی۔
عشائیے میں روس، ایتھوپیا، کینیا، ہنگری، منگولیا، قازقستان، سری لنکا، پاپوا نیو گنی، ازبکستان، چلی اور موزنبیق سمیت دیگر ممالک کے سربراہانِ مملکت بھی شریک ہوئے۔ نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے عشائیے میں عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں کیں۔
غیر رسمی ملاقاتوں کے دوران نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان کے دیگر ممالک سے دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال کے علاوہ معیشت پر گفتگو کی جس کے دوران سی پیک پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








