بنگلہ دیشی پولیس نے اپنی قومی اے ٹیم کے جواں سال کرکٹر طفیل احمد ریحان کے خلاف چارج شیٹ جمع کرادی جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے ایک خاتون کو شادی کا جھانسی دے کر بار بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور مسلسل دھوکہ دہی میں ملوث رہے۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی پولیس کے سب انسپکٹر محمد سمیع الاسلام نے میڈیا کو آگہی دیتے ہوئے کہا کہ طفیل احمد کے خلاف چارج شیٹ انسدادِ خواتین و اطفال تشدد ایکٹ کے تحت جمع کرائی گئی۔ طفیل نے خاتون سے فیس بک کے ذریعے رابطہ کیا تھا۔
ملزم طفیل احمد ریحان کے خلاف درج مقدمے کے مطابق انہوں نے فیس بک پر گفتگو کے دوران شادی کا وعدہ کرلیا، جس پر خاتون نے تعلق جاری رکھا اور 31جنوری کو طفیل نے ان کو ایک ہوٹل میں اپنی بیوی کے طور پر متعارف کروا کر جنسی زیادتی کا نشنانہ بنایا۔
مقدمے کے متن اور خاتون کے بیان کے مطابق ملزم نے کئی بار یہی گھناؤنا فعل دہرایا اور شادی کا جھانسا دے کر جنسی زیادتی کرتا رہا۔ بعد ازاں ملزم نے شادی سے انکار کردیا جس کے خلاف خاتون نے یکم اگست کو رپورٹ درج کرادی، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تفتیش کی۔
تفتیشی افسران کا ماننا ہے کہ خاتون کے بیان کو ہوٹل بکنگ ریکارڈ اور طبی شواہد سمیت دیگر مواد کے تناظر میں دیکھا جائے تو خاتون کے دعوے کی تصدیق ہوتی ہے۔ بنگلہ دیشی عدالت میں جمع چارج شیٹ کا اگلی سماعت میں جائزہ لیا جائے گا جبکہ عدالت مقدمے کی سماعت 30دسمبر کو کرے گی۔
قبل ازیں عدالت نے 24 ستمبر کو طفیل کو 6ہفتوں کی عبوری ضمانت پر رہائی دی، ضمانت کی مدت ختم ہونے پر عدالت کی ہدایت کے مطابق ملزم کو خواتین و اطفال تشدد روک تھام ٹریبونل میں پیش ہونا تھا، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ کرکٹر نے اس ہدایت پر عمل نہیں کیا اور ہانگ کانگ میں کرکٹ ٹورنامنٹ کھیلنے چلے گئے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








