بدھ 3 ستمبر کی دوپہر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں چیٹ جی پی ٹی استعمال کرنے والے صارفین کو اچانک سروس میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ رکاوٹ ایک عالمی سطح کی تکنیکی خرابی کے باعث پیدا ہوئی جس نے ہزاروں صارفین کو متاثر کیا۔
ٹیکنالوجی مانیٹرنگ ویب سائٹ Downdetector کے مطابق پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر کے وقت شکایات سامنے آنا شروع ہوئیں۔ صرف چند ہی لمحوں میں دنیا بھر سے ایک ہزار سے زائد صارفین نے چیٹ جی پی ٹی کے بند ہونے کی اطلاع دی۔یہ خرابی تقریباً 52 منٹ تک جاری رہی جس دوران کئی صارفین کو چیٹ بوٹ سے کوئی جواب موصول نہیں ہو رہا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق 95 فیصد شکایات ویب ورژن سے متعلق تھیں جبکہ 5 فیصد صارفین کو موبائل ایپ پر مسائل پیش آئے۔ اوپن اے آئی کی آفیشل اسٹیٹس ویب سائٹ پر بھی سروس متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی جس میں کہا گیا کہ چیٹ جی پی ٹی جوابات نہیں دکھا رہا، ہم مسئلے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔
ایک اور خودمختار سروس مانیٹر StatusGator نے بھی اس خرابی کو لاگ کیا اور بتایا کہ مکمل سروس 1 بج کر 11 منٹ (پاکستانی وقت) پر بند ہوئی اور تقریباً 1 گھنٹہ 9 منٹ تک متاثر رہی۔
یہ مسئلہ خاص طور پر برطانیہ کے بڑے شہروں جیسے لندن اور مانچسٹر میں نمایاں طور پر رپورٹ ہوا جہاں صارفین نے بڑی تعداد میں شکایات درج کروائیں۔
عالمی صارفین نے سوشل میڈیا پر بھی اپنی شکایات کا اظہار کیا جہاں انہوں نے اسکرین شاٹس، ایرر میسجز، اور لاگ ان میں ناکامی کی تصاویر شیئر کیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








