کراچی میں شرط لگا کر سرکے کی بوتل پینے والا بچہ جاں بحق ہوگیا ہے، بچے نے سرکے کے ساتھ ساتھ کولڈ ڈرنک کی بوتل بھی پی لی تھی، جس کے بعد 11 سالہ بچے کو الٹیاں ہونے لگیں۔
نجی ٹی وی (جیو نیوز) کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن معمار میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں شاہ محمد نامی 11سالہ بچہ جان کی بازی ہار گیا۔ شاہ محمد نے 100 روپے کیلئے ٹھیلے والے سے شرط لگائی تھی۔ شرط پوری کرنے پر ٹھیلے والے نے بچے کو 100روپے دے دئیے۔
شرط کی رقم ملنے پر شاہ محمد نے دکان سے کولڈ ڈرنک لے کر پی جس کے بعد قے ہونا شروع ہوگئی۔ الٹیاں آنے پر بچے کو ہسپتال لے جایا گیا تاہم 11 سالہ شاہ محمد جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ گلشن معمار کی افغان بستی میں پیش آیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق شاہ محمد کے استاد نے عباسی شہید ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شاہ محمد گھر کے قریب کھڑے ٹھیلے والے سے کھانے پینے کی چیز لینے گیا تھا۔ اس دوران بچے اور ٹھیلے والے میں شرط لگ گئی کہ اگر شاہ محمد سرکے کی پوری بوتل پی گیا تو 100روپے انعام ملے گا۔
بچے کے استاد نے کہا کہ شاہ محمد نے سرکے کی بوتل پی کر شرط پوری کردی اور جیت کے 100روپے دکان پر لے جا کر کولڈ ڈرنک پی لی۔ گھر پہنچنے پر اسے الٹیاں ہونے لگیں اور بچے سے پوچھا گیا تو اس نے پورا واقعہ بتا دیا۔ ہسپتال منتقل کرنے کے باوجود جان نہیں بچائی جاسکی۔
سندھ پولیس نے ٹھیلے والے کو حراست میں لے لیا۔ تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ کولڈ ڈرنک اور سرکے کے مابین کیمیائی تعامل کے باعث بچہ انتقال کرگیا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی موت کی وجہ کا تعین کیاجاسکے گا۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








