کراچی: سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف سندھ، پنجاب، کے پی سمیت ملک بھر میں تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے۔
کراچی کے علاقے شارع فیصل پر پولیس کی جانب سے تحریک انصاف کارکنان پر شیلنگ کی گئی ہے جس سے خواتین اور بچے بری طرح متاثر ہوئے ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔احتجاجی مظاہرے کے باعث شارع فیصل کا ایک ٹریک مکمل طور پر بند ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں بورے والا، ساہیوال، بہاولنگر میں بھی تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے بہاولنگر میں میں بائی پاس روڈ ٹائر جلا کر ٹریفک کے لیے بلاک کردیا۔
مزید پڑھیں:عمران خان پر قاتلانہ حملہ، پی ٹی آئی نے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کردیا
مانسہرہ میں رکن قومی اسمبلی صالح محمد خان کی قیادت میں ایکسپریس وے پر احتجاج جاری ہے بٹل کے مقام پر ٹول پلازہ کے دونوں اطراف سے ایکسپریس وے بند کردی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








