میکسیکو سٹی: ملک کی تاریخ بدل گئی، کلاؤڈیا شین بام نے میکسیکو کی پہلی خاتون صدر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ خاتون رہنما کو اپنے عہدہ چھوڑ دینے والے لیڈر اینڈریس مینؤل کے بعد اس عہدے پر خدمات انجام دینے کا موقع مل گیا۔
ماحولیاتی سائنس دان اور سابق میئر میکسیکو سٹی کلاؤڈیا شین بام نے 58اعشاریہ 3 فیصد سے لے کر 60اعشاریہ 7 فیصد ووٹ اپنے نام کیے جو میکسیکو کی جمہوری تاریخ میں کسی بھی صدر کے لیے گئے سب سے زیادہ ووٹ ہیں۔
حکمراں اتحاد میکسیکن کانگریس کے دونوں ایوانوں میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کی راہ پر گامزن ہے جس سے حکمران سیاست دانوں کو اپوزیشن کے ووٹوں کے بغیر بھی اپنی مجوزہ آئینی اصلاحات اور ترامیم کا موقع مل جائے گا۔
نومنتخب کلاؤڈیا شین بام میکسیکو کی پہلی خاتون صدر ہیں جن کی مخالف امیدوار سوچیئل گالویز 26اعشاریہ 6فیصد سے لے کر 28اعشاریہ 6فیصد تک ووٹ حاصل کرسکیں۔ نومنتخب صدر کا کہنا ہے کہ مخالف امیدوار نے شکست تسلیم کرلی۔
ملک کی پہلی بار منتخب ہونے والی خاتون صدر کلاؤڈیا شین بام نے کہا کہ مخالف امیدوار سوچیئل گالویز نے مجھے کال کی اور میری فتح کا اعتراف کیا۔ واضح رہے کہ میکسیکو سمیت دیگر مغربی ممالک میں مخالف امیدواروں کا شکست تسلیم کرنا جمہوری اقدار کی پاسداری سمجھی جاتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








