آرمی چیف کا لسبیلہ کا دورہ، مقامی افراد سے ملاقات، پری فیبریکیٹڈ گاؤں کا افتتاح

تازہ ترین

تازہ ترین

کوئٹہ: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے شہر لسبیلہ کا دورہ اور مقامی افراد سے ملاقات کی ہے۔ چیف آف آرمی اسٹاف نے پری فیبریکیٹڈ گاؤں کا افتتاح بھی کیا۔

تفصیلات کے مطابق آرمی چیف نے لسبیلہ کے علاقے لال گل گوٹھ میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے پری فیبریکیٹڈ گاؤں کا افتتاح کیا۔ ترجمان پاک فوج (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ گاؤں لال گل گوٹھ حالیہ سیلاب میں بری طرح تباہ ہو گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:

وزیر اعظم آفس نے نئے آرمی چیف کی تقرری کی سمری وصول کر لی

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ تباہ حال لال گل گوٹھ میں لائیو اسٹاک، لوگوں کا ذاتی سامان اور بنیادی  انفراسٹرکچر مکمل طور پر ختم ہو گیا۔نو تعمیر شدہ فیبریکیٹڈ گاؤں میں پرائمری اسکول بھی شامل ہے۔
آرمی چیف نے فیبریکیٹڈ گاؤں کا افتتاح کیا۔ گاؤں میں آف گرڈ شمسی توانائی اور ایک ٹیوب ویل بھی لگایا گیا ہے۔ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) نے اس منصوبے کو ریکارڈ وقت میں مکمل کیا۔
 ایف ڈبلیو او کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل کمال اظفر نے چیف آف آرمی اسٹاف کو سیلاب متاثرین کی بحالی کے کام کی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔آرمی چیف نے لال گل گوٹھ میں نئے تعمیر شدہ پرائمری اسکول کے اساتذہ اور طلباء اور مقامی افراد سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ پاک فوج وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے شروع کیے جانے والے بحالی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گی۔
اس موقع پر اعلیٰ سول اور ملٹری حکام بھی موجود تھے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ کور، ایف ڈبلیو او، فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان اور پاکستان کوسٹ گارڈز کے دستوں سے بات چیت کی اورسیلاب سے متعلق معاملات پر گفتگو کی۔

ترجمان پاک فوج (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے حالیہ سیلاب میں ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے عمل کے دوران کوئٹہ کور، ایف ڈبلیو او، ایف سی اور پاکستان کوسٹ گارڈز کی کوششوں کو سراہا۔
چیف آف آرمی اسٹاف کی آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر اور انجینئر ان چیف لیفٹیننٹ جنرل کاشف نذیر دورے کے دوران آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔

Related Posts