اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سندھ کا بلدیاتی قانون جمہوری اصولوں کے منافی،صوبہ اور بالخصوص کراچی کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ہے۔ پیپلز پارٹی صوبہ میں اپوزیشن جماعتوں کو کارنر کرکے جمہوریت دشمنی کا تاثر نہ دے۔
بلدیاتی قانون واپس نہ لیے جانے تک جماعت اسلامی احتجاج جاری رکھے گی۔ حکمران ”گوادر کو حق دو تحریک“ کے رہنماؤں کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی پاسداری کریں، بلوچستان کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ نہ کیا گیا تو حالات مزید خراب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی معیشت کی بحالی اور ملک کو پٹڑی پر ڈالنے میں مکمل ناکام ہوگئی۔ پاکستان کو آئی ایم ایف کی مکمل غلامی میں دھکیل دیا گیا۔
منی بجٹ کو مسترد کرتے ہیں، عوام کے حقوق کی آواز ہر فورم پر اٹھائیں گے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان بلدیاتی اور جنرل الیکشنز کی بھرپور تیاری کریں۔
انتخابات اپنے پرچم، نشان اور ”اسلامی پاکستان- خوشحال پاکستان“ کے منشور کے تحت لڑیں گے۔ انتخابی نظام پر تحفظات برقرار ہیں، دھونس اور دھاندلی کا ہر سطح پر مقابلہ کیا جائے گا۔
پاکستان افغانستان حکومت کو تسلیم کرے، اسلامی ممالک طالبان حکومت کی افغانستان بحالی کی کوششوں میں مدد کریں۔ پاکستان کے حکمرانوں نے کشمیر کے مسئلہ پر بھارت کے سامنے پسپائی دکھائی۔
بھارت سے آزادی کی جدوجہد میں پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت بان ہے۔ جماعت اسلامی کشمیر کاز کے لیے دنیا کے کونے کونے میں آواز بلند کررہی ہے۔ اتحاد امت اسلامی دنیا کو درپیش مسائل کا حل ہے۔
جماعت اسلامی پاکستان میں اسلامی نظام چاہتی ہے، عوام سے اپیل ہے کہ ہمارا ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں مرکزی عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی سرکار نے قومی خزانے کو بیدردی سے لوٹا، حساب دینے کا وقت آچکا ہے، بلاول بھٹو
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








