جنیوا: کورونا وائرس سے دنیا بھر میں37لاکھ 27ہزار افراد متاثر جبکہ 2لاکھ 58ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
دنیا کے 190 سے زائد ممالک میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر37لاکھ27ہزار802افراد متاثر ہوئے جبکہ متاثرہ کیسز میں سے17فیصد (2لاکھ58ہزار338) افراد ہلاک ہوئے۔
مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ49 ہزار 248فراد کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ21 لاکھ 77ہزار 869افراد کو کورونا وائرس کے باعث بخار اور سانس میں ہلکی پھلکی تکلیف کا سامنا ہے۔
کورونا وائرس سے متاثرہ افراد میں سے12لاکھ42ہزار347افراد مرض سے صحت یاب ہوچکے ہیں تاہم اموات کی تعداد میں ہر گزرتے روز کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے۔
چین سے جنم لینے والا کورونا وائرس ایشیائی ممالک ایران، افغانستان، بھارت اور پاکستان کے ساتھ ساتھ امریکا، برطانیہ، جرمنی، فرانس اور دیگر ممالک میں پھیل گیا ہے۔
وائرس سے سب سے زیادہ امریکا، اسپین، اٹلی، برطانیہ اور فرانس متاثر ہوئے جبکہ وائرس سے متاثرہ ممالک میں جرمنی چھٹے نمبر پر موجود ہے۔
جرمنی کے بعد روس، ترکی،برازیل، ایران اور چین سب سے زیادہ متاثر ممالک ہیں جہاں ہلاکتوں کی تعداد سینکڑوں سے نکل کر ہزاروں میں پہنچ گئی ہے۔