کراچی میں سلنڈر دھماکے سے آگ لگ گئی، 6افراد زخمی

تازہ ترین

تازہ ترین

دھماکا
(فوٹو: آن لائن)

کراچی کے لائنز ایریا جیکب لائنز کے علاقے میں سلنڈر دھماکے کے باعث آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں 6افراد زخمی ہوگئے ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ 

تفصیلات کے مطابق سلنڈر دھماکے کے بعد ریسکیو کارروائی شروع کردی گئی۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ سلنڈر دھماکہ جیکب لائنز کے علاقے میں شہاب الدین مارکیٹ کے نزدیک ہوا۔ زخمی افراد کو سول ہسپتال کے برنس وارڈ میں منتقل کردیا  گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب کے صوبائی دارالحکومت سمیت صوبے کے 2 شہروں میں گیس سلنڈر دھماکوں کے باعث متعدد افراد جھلس کر زخمی ہوگئے تھے۔

 یہ دھماکے 3روز قبل لاہور اور ڈیرہ غازی خان میں رپورٹ کیے گئے۔ لاہور میں فیروزوالا شاہدرہ کے علاقے فرخ آباد میں سلنڈر والی دکان میں گیس لیکیج کے باعث دھماکہ ہوا جس کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

حکام کا کہنا تھا کہ دھماکے کے باعث 3 افراد زخمی ہوئے جن کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب ایل پی جی گیس سلنڈر میں آگ لگنے سے ڈیرہ غازی خان میں 5افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔

اس حوالے سے ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ آگ گیس سلنڈر میں ری فلنگ کے دوران لگی جس سے دکاندار سمیت 5افراد جھلس کر زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

Related Posts