پنجابی سپر اسٹار دلجیت دوسانجھ حال ہی میں اپنی فلم سردار جی 3 میں پاکستانی فنکارہ ہانیہ عامر کی وجہ سے بھارت میں غدار قرار دیئے جانے کے باوجود اب ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کرنے کے قریب ہیں۔
ان کی آنے والی فلم بارڈر 2 کی ریلیز کے ساتھ ہی وہ پوسٹ کووِڈ باکس آفس پر 500 کروڑ روپے کی مجموعی کمائی کا ہدف حاصل کرنے والے پہلے پنجابی اداکار بن سکتے ہیں۔
دلجیت کی پچھلی چھ فلموں نے عالمی سطح پر زبردست بزنس کیا ہے۔ ان میں حونسلا رکھ، بابے بھنگڑا پاندے نے، جوڑی، جٹ اینڈ جولیٹ 3 اور سردار جی 3 شامل ہیں۔
اگرچہ سردار جی 3 بھارت میں پابندی کا شکار رہی لیکن بیرونِ ملک اس نے غیر معمولی کامیابی حاصل کی۔
ان چھ فلموں کی مجموعی آمدنی 454اعشاریہ 97 کروڑ رہی، جس کے بعد اب دلجیت کو صرف 45 کروڑ مزید درکار ہیں تاکہ وہ مجموعی طور پر 500 کروڑ کلب میں شامل ہو سکیں یہ ایک ایسا اعزاز ہے جو آج تک کسی پنجابی اسٹار کے حصے میں نہیں آیا۔
دلجیت کی نئی فلم بارڈر 2 ایک بڑے بجٹ کی جنگی فلم ہے جس میں ان کے ساتھ سنی دیول، ورن دھون، آہن شیٹی اور سونم باجوا جیسے معروف اداکار شامل ہیں۔
فلم کی ہدایت کاری انوراگ سنگھ نے دی ہے، جبکہ اسے ٹی سیریز اور جے پی فلمز نے مشترکہ طور پر پروڈیوس کیا ہے۔ فلم 22 جنوری 2026 کو یومِ جمہوریہ (ریپبلک ڈے) ویک اینڈ پر ریلیز کی جائے گی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، فلم کی پری ریلیز ہائپ اور دلجیت کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اس بات کی ضمانت ہیں کہ یہ فلم ابتدائی دنوں میں ہی زبردست کمائی کرے گی اور 500 کروڑ کا ہدف حاصل کر سکتی ہے۔
اگر ایسا ہوتا ہے تو دلجیت دوسانجھ نہ صرف پنجابی فلم انڈسٹری بلکہ بالی ووڈ میں بھی اپنی پوزیشن کو ایک مضبوط اور بااثر اداکار کے طور پر مستحکم کر لیں گے۔
دلجیت کی کامیابی صرف فلموں تک محدود نہیں رہی۔ انہوں نے کووِڈ کے بعد کے دور میں موسیقی، او ٹی ٹی پلیٹ فارمز اور بین الاقوامی کنسرٹس میں بھی اپنی موجودگی کو بھرپور طریقے سے منوایا ہے۔ ان کی فلم امرسنگھ چمکیلا نے عالمی سطح پر زبردست پذیرائی حاصل کی جبکہ معروف ہدایتکار امتیاز علی کے ساتھ ان کی نئی رومانوی فلم بھی شائقین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ دلجیت دوسانجھ اب پنجابی سینما سے نکل کر بین الاقوامی سطح کے بااثر فنکاروں میں شامل ہو چکے ہیں۔
ان کی فلم بارڈر 2 ان کے شاندار کیریئر کا ایک نیا اور تاریخی باب ثابت ہو سکتی ہے، جو انہیں پنجابی اور بھارتی فلم انڈسٹری دونوں میں ایک ناقابلِ فراموش نام بنا دے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








