کراچی: شہری ندی سے سونا نکالنے کیلئے کھدائی کے سامان کے ساتھ کورنگی کازوے پہنچ گئے، کتنا سونا ملا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

Gold Particles Discovered in Malir River Near Korangi Causeway, Karachi
ONLINE

شہر قائد میں ایک دلچسپ اور غیر معمولی واقعہ اس وقت پیش آیا جب کورنگی کازوے کے قریب ملیر ندی میں سونا نکلنے کی افواہوں نے شہریوں میں کھلبلی مچا دی۔

ہفتے کی صبح سے ہی بڑی تعداد میں لوگ کھدائی کے اوزار، چھاننے والی جالیاں اور پانی کے برتن لے کر اس مقام پر پہنچ گئے، جہاں مبینہ طور پر ندی کی ریت میں سونے کے ذرات پائے جانے کی بات سامنے آئی تھی۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، افواہ تیزی سے سوشل میڈیا پر پھیلی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ حالیہ بارشوں کے بعد ملیر ندی کے بہاؤ میں کچھ علاقوں میں سونے جیسے چمکدار ذرات دیکھے گئے۔

اس خبر کے پھیلتے ہی شہریوں نے بڑی تعداد میں وہاں پہنچ کر ریت چھاننے اور سونا تلاش کرنے کی کوششیں شروع کر دیں۔

عینی شاہدین کے مطابق کچھ افراد نے ندی کے کنارے چھوٹی چھوٹی گڑھیاں کھود کر پانی میں موجود ذرات کو چھاننے کی کوشش کی جبکہ کئی افراد نے اپنے موبائل فونز سے ویڈیوز بنائیں جو بعد میں انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئیں۔

 

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر لوگوں کو متنبہ کیا کہ ندی میں اترنا خطرناک ہو سکتا ہے، کیونکہ وہاں پانی کے بہاؤ کے ساتھ زہریلے یا آلودہ مادے بھی شامل ہو سکتے ہیں۔

افسران کے مطابق اب تک کسی مستند ادارے یا ماہرِ ارضیات نے سونے کے ذرات کی موجودگی کی تصدیق نہیں کی۔

ماہرین کے مطابق، ندی کی ریت میں بعض اوقات معدنی ذرات چمکتے ہیں جو دیکھنے میں سونے جیسے لگتے ہیں، مگر وہ عموماً پائرائٹ یا دوسرے دھاتی ذرات ہوتے ہیں جنہیں عوام سونا سمجھ بیٹھتے ہیں۔

ادھر شہریوں کی بڑی تعداد نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملیر ندی کی مٹی اور پانی کے نمونوں کا سائنسی تجزیہ کروائے تاکہ حقیقت واضح ہو سکے۔

یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی موضوعِ بحث بنا ہوا ہے، جہاں کچھ لوگ اس منظر کو مزاحیہ قرار دے رہے ہیں جبکہ دوسرے شہریوں کی امید اور تجسس کو فطری جذبہ کہہ رہے ہیں۔

Related Posts