بھارتی ریاست آندھراپردیش کے ضلع انامیا کے رائے چوٹی منڈل میں واقع لکی ریڈی پلی گاؤں کے رشی واتیکا گروکل اسکول میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک ٹیچر نے فیس ادا نہ کرنے کی وجہ سے ایک چھوٹے طالب علم کو اتنا شدید مارا کہ اس کی ایک آنکھ ضائع ہوگئی۔
متاثرہ بچے کے والدین کے مطابق ٹیچر نے چھڑی سے بچے پر شدید تشدد کیا اور اس دوران اسکی آنکھ میں بھی چھڑی ماری جس سے بچہ بینائی سے محروم ہوگیا۔
والدین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بچے کو بہتر تعلیم اور کردار کی امید میں اسکول بھیجتے تھے مگر اب ان کا بچہ شدید صدمے اور درد میں ہے۔
انہوں نے اسکول انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ گزرنے کے باوجود نہ تو اسکول کے خلاف کوئی سخت کارروائی ہوئی اور نہ ہی ضلعی حکام نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا۔ اس صورتحال سے خاندان خوف اور پریشانی میں مبتلا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








