کراچی میں قائم ملک کی قدیم دینی درس گاہ جامعہ اسلامیہ مخزن العلوم کے شعبہ فلاح عامہ کے تحت روزگار اسکیم کے دوسرے مرحلے میں 15 مستحق اور بے وسیلہ افراد میں ان کے خاندانوں کی کفالت کیلئے ریڑھیاں اور فروٹ تقسیم کیے گئے۔
مستحق افراد میں ریڑھیاں اور فروٹ تقسیم کرنے کی تقریب جامعہ اسلامیہ مخزن العلوم نزد بنارس چوک کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن بورڈ مسرور احمد شیخ، ممتاز یورولوجسٹ ڈاکٹر عبد الماجد رانا، طارق نیازی، ممتاز صنعت کار حاجی اشرف داد، حاجی محمد برکی اور احتشام الحق سمیت مختلف سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
غزہ میں داخل ہونے والی اسرائیلی فوج کو گھیرنے کیلئے حماس کی کیا تیاریاں ہیں، جانئے
روزگار اسکیم کے تحت فروٹ اور ریڑھیاں تقسیم کرنے کیلئے مستحق افراد کی رجسٹریشن جامعہ مخزن العلوم کے شعبہ فلاح امہ کے مقررہ طریق کار کے تحت کیا گیا تھا، اس سے قبل روزگار اسکیم کے پہلے مرحلے میں 10 مستحق افرد کو ریڑھیاں اور فروٹ فراہم کیے جا چکے ہیں۔
تقریب سے مسرور شیخ اور ڈاکٹر عبد الماجد رانا نے خطاب کرتے ہوئے جامعہ مخزن العلوم کی مختلف تعلیمی اور فلاحی شعبوں میں گوناگوں خدمات کو سراہا اور جامعہ کے مہتمم مولانا ڈاکٹر قاسم محمود کے وژن کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ ایک دینی مدرسے کی جانب سے بدترین معاشی حالات میں غریب اور مستحق افراد کیلئے وسیلہ روزگار کا انتظام کرنا در حقیقت دین اسلام کی انسانیت کی خدمت کی تعلیمات کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دین اسلام اپنے پڑوسی سے لیکر سماج کے اندر مصائب اور مشکلات کے شکار افراد تک سب کا خیال رکھنے اور ان کی مدد کرنے کی تلقین کرتا ہے، جامعہ مخزن العلوم نے بے روزگاروں کو روزگار فراہم کرنے کا یہ مبارک سلسلہ شروع کر کے دین کی تعلیمات پر عمل کرکے دکھانے کی کوشش کی ہے۔
جامعہ کے مہتمم مولانا ڈاکٹر قاسم محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشکل معاشی حالات میں قوم کے ہر فرد کی ذمے داری ہے کہ وہ اپنے رشتہ داروں، پڑوسیوں، دوست احباب اور معاشرے میں سے ان لوگوں کا خیال رکھے جو کسی بھی قسم کی مشکل سے دوچار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنا صرف حکومتوں اور ریاست کی ذمے داری نہیں، ایک ذمے دار قوم دوسروں کا انتظار کیے بغیر خود مسائل حل کرنے کیلئے اپنی بساط کے مطابق کوششیں بروئے کار لاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری یہ کوشش مسائل اور مشکلات کے مقابلے میں بہت کم ہے، مگر اپنی بساط کے مطابق ہمارا فرض ہے کہ جتنا کچھ ہم سے ہوسکے اپنے لوگوں کی مشکلات کم کرنے کیلئے ہم آگے بڑھیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر اور ایک دوسرے کے کام آکر ہی اپنی قوم کو اس مشکل صورتحال سے سرخروئی دلاسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات اس مشکل صورتحال میں آگے آئیں اور اللہ کے دیے مال سے غریبوں کی مدد کریں۔
پروگرام کے اختتام پر 15 رجسٹرڈ مستحق خاندانوں کے افراد کو ریڑھیاں اور فروٹ فراہم کیے گئے، جنہوں نے مخیرحضرات، جملہ معاونین، منتظمین اور جامعہ اسلامیہ مخزن العلوم کی کاوشوں کو سراہا اور دعائیں دیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








