شہر قائد کی سڑکوں پر 50 سال بعد ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز! جانیں روٹ اور کرایے کی مکمل تفصیلات

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

کراچی میں نصف صدر بعد ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز ہو گیا ہے، جس سے شہریوں کو بڑے پیمانے پر آسانی حاصل ہوگی۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور وزیر بلدیات ناصر شاہ نے اس منصوبے کا افتتاح کیا اور اس کی خصوصیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ عوام سے کیے گئے وعدے کے مطابق یہ منصوبہ شروع کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری فائدہ اٹھا سکیں۔ ابتدائی مرحلے میں پانچ ڈبل ڈیکر بسیں شاہراہ فیصل سے ملیر کینٹ کے روٹ پر چلائی جائیں گی، اور کل سے عوام ان بسوں میں سفر کر سکیں گے۔

ڈبل ڈیکر بس کا روٹ تقریباً 22 کلو میٹر طویل ہے اور کرایہ 80 سے 120 روپے رکھا گیا ہے، جو پیپلز بس سروس کے کرائے کے برابر ہے اور حکومت کرائے کے ایک حصے میں سبسڈی دے رہی ہے تاکہ عوام کو سہولت ہو۔

شرجیل میمن نے مزید بتایا کہ ابتدائی تجربہ کامیاب رہا تو 2026 میں پورے کراچی میں ڈبل ڈیکر بسیں چلائی جائیں گی اور سڑکوں پر عوام کی سہولت کے لیے بڑے پیمانے پر بسیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک مسائل کے حل اور سفر کی سہولت بڑھانے کے لیے ڈبل ڈیکر بسیں اہم کردار ادا کریں گی کیونکہ ان میں بیٹھنے کی گنجائش زیادہ ہے۔

صوبائی وزیر نے یہ بھی بتایا کہ کراچی کی سڑکوں کے لیے 9 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے اور شاہراہ بھٹو کو جدید انداز میں عوام کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ ای وی بسیں بھی جلد متعارف کروائی جائیں گی جبکہ پنک اسکوٹیز کے دوسرے فیز پر کام جاری ہے جس سے خواتین لائسنس ہولڈرز کو پنک اسکوٹی فراہم کی جائیں گی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی کے مختلف محکمے اور ادارے شہر کی سڑکوں اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں اور امید ہے کہ مارچ اور اپریل تک زیادہ تر مسائل حل ہو جائیں گے۔

Related Posts