ملائیشیا اور تھائی لینڈ کی سمندری سرحد کے قریب تارکینِ وطن کی کشتیوں کے ڈوبنے سے درجنوں افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ چند ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ملائیشین میری ٹائم اتھارٹی نے بتایا کہ یہ واقعہ تین روز قبل پیش آیا جب ایک کشتی الٹ گئی۔ اب تک کچھ لاشیں برآمد ہوئی ہے جبکہ دس افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے تاہم تقریباً 300 افراد لاپتا ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق کشتی میں میانمار (برما) کے روہنگیا مسلمانوں اور بنگلہ دیش کے شہریوں سمیت متعدد تارکینِ وطن سوار تھے جو بہتر روزگار اور محفوظ زندگی کی تلاش میں ملائیشیا جا رہے تھے۔ رپورٹس کے مطابق دو مزید کشتیاں بھی لاپتا ہیں جن میں درجنوں افراد سوار تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر 300 سے زائد افراد ایک بڑی کشتی میں سوار ہوئے تھے جنہیں بعد میں تین چھوٹی کشتیوں میں منتقل کیا گیا ہر کشتی میں تقریباً 100 افراد موجود تھے۔ ریسکیو ٹیموں کی جانب سے لاپتا افراد کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور دیگر ترقی پذیر ممالک کے متعدد افراد غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک جانے کی کوشش میں سمندر میں اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








