پشاور میں ایف آئی اے (وفاقی تحقیقاتی ایجنسی) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی کاغذات کے ذریعے پاکستانی شہریت حاصل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی اور چار مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا جن میں ایک افغان شہری بھی شامل ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ کارروائی ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل پشاور نے نادرا کے ریجنل آفس پشاور میں کی۔ گرفتار افراد میں صادق اللہ، سمیع اللہ، فیاض خان اور یونس خان شامل ہیں۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ افغان شہری صادق اللہ جعلی دستاویزات کے ذریعے پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ یونس خان خود کو اس افغان شہری کا والد ظاہر کر کے نادرا حکام کو گمراہ کر رہا تھا۔
فیاض خان اور سمیع اللہ نے جعلی تصدیق کنندگان کے طور پر اپنا کردار ادا کیا اور غیرقانونی طور پر صادق اللہ کی شہریت کی تصدیق کی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق چاروں ملزمان کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ جعلی شناختی دستاویزات کے نیٹ ورک کے دیگر افراد تک بھی پہنچا جا سکے۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے میں ملک میں دہشت گردی اور جرائم میں اضافے کے باعث غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی نشاندہی اور وطن واپسی کے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








