پنجاب کے علاقے رحیم یار خان کے چولستانی علاقے ہیڈفرید میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مبینہ طورمقامی زمیندار پر دو بے زبان اونٹنیوں کو کلہاڑیوں کے وار کر کے بےدردی سے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔
متاثرہ شخص عبد الخالق جو کہ ہیڈفرید چولستان کا رہائشی ہے، نے الزام عائد کیا ہے کہ بااثر مقامی زمیندار اور اس کے ساتھیوں نے اس کی اونٹنیوں کو صرف اس لیے نشانہ بنایا کیونکہ وہ فصلوں کے قریب چلی گئیں۔ عبد الخالق کے مطابق یہ جانور نہ صرف اس کا ذریعہ روزگار تھے بلکہ خاندان کی کمائی کا واحد سہارا بھی تھے۔
پولیس ترجمان کے مطابق واقعہ تین روز قبل پیش آیا اور اب تک کی تحقیقات کی روشنی میں 11 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے تاہم ملزمان نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر لی ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے۔
علاقے میں اس واقعے کے بعد شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ مقامی افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ جانوروں پر اس بے رحمانہ تشدد میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
یاد رہے کہ صوبہ سندھ میں بھی ایسا ہی ایک دلخراش واقعہ سامنے آیا تھا جہاں ایک اونٹنی کی ٹانگ کاٹ دی گئی تھی۔ اس بہیمانہ سلوک پر جانوروں کے حقوق کی تنظیمیں اور شہری سوسائٹی شدید احتجاج کر رہی ہیں۔
ان پے در پے واقعات نے نہ صرف جانوروں کے تحفظ پر سوالات اٹھا دیے ہیں بلکہ دیہی علاقوں میں طاقت کے نشے میں چور بااثر افراد کے ظلم اور قانون کی بے بسی کو بھی بے نقاب کر دیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








