بغیر اجازت پاکستان کا نام استعمال نہیں ہوگا؛ پی سی بی کا عجیب فیصلہ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں بھارتی ٹیم کی جانب سے پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک اہم اور غیرمعمولی قدم اٹھایا ہے جس کا مقصد نہ صرف ملکی وقار کا تحفظ ہے بلکہ مستقبل میں کسی بھی غیر سنجیدہ رویے کا موثر جواب دینا بھی ہے۔

پی سی بی نے واضح اعلان کیا ہے کہ اب کسی بھی نجی ٹورنامنٹ، لیگ یا ایونٹ میں پاکستان کے نام کے استعمال کے لیے بورڈ کی تحریری اجازت لینا لازمی ہوگی۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارتی کھلاڑیوں نے 20 جولائی کو گروپ میچ اور 30 جولائی کو سیمی فائنل میں پاکستان کے خلاف میدان میں اترنے سے انکار کر دیا جس کی وجہ سے دونوں میچز منسوخ کر دیئے گئے۔

بھارتی ٹیم کی جانب سے کرکٹ کو کھیل سے زیادہ سیاسی ہتھیار بنانے کے اس عمل نے نہ صرف ایونٹ کی ساکھ کو متاثر کیا بلکہ شائقین کرکٹ کو بھی مایوس کیا۔ ان غیرذمہ دارانہ حرکات کے بعد پی سی بی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا کہ اب پاکستان کے نام کے ساتھ جُڑے کسی بھی کرکٹ مقابلے کے لیے پی سی بی کی منظوری شرط ہوگی۔

پی سی بی کا مؤقف ہے کہ یہ فیصلہ پاکستان کے تشخص، ساکھ اور قومی عزت کے تحفظ کے لیے ضروری تھا تاکہ آئندہ کوئی بھی نجی یا غیر رسمی پلیٹ فارم پاکستان کے نام کو بغیر اجازت استعمال نہ کر سکے۔

Related Posts