کراچی کے علاقے ملیر 15 کالا بورڈ کے قریب جامع ملیا کے علاقے میں ایک گھر کے اندر جائیداد کے تنازعہ نے خونریز صورت اختیار کر لی جہاں فائرنگ کے نتیجے میں 55 سالہ غیر ملکی خاتون ڈیلیا شدید زخمی ہو گئیں۔
پولیس کے مطابق زخمی خاتون جاپانی شہریت رکھتی ہیں اور ان کا تعلق فلپائن سے ہے۔ ڈیلیا نے پاکستانی شہری ناصر سے شادی کی تھی جو اب اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں۔ خاتون اپنے مرحوم شوہر کی جائیداد میں حصہ لینے کے لیے سسرال آئی تھیں جہاں تنازع نے سنگین رخ اختیار کر لیا۔
(ویڈیو؛ بشکریہ ایکسپریس نیوز)
واقعے کی تفصیلات کے مطابق جاپانی شہریت یافتہ خاتون کے دیور دانش نے جھگڑے کے دوران فائرنگ کی جس سے ڈیلیا کو دو گولیاں لگیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ گھر کے اندر پیش آیا اور ملزم دانش فائرنگ کے فوراً بعد فرار ہو گیا۔
زخمی خاتون کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور علاج جاری ہے۔ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیئے ہیں اور حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ملزم کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








