ملک میں تیل اور گیس کا بحران سامنے ہے جس کے باعث کئی پاور پلانٹس بند ہوگئے ہیں اور عوام کو کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
پاور ڈویژن کے ذرائع مطابق ملک میں بجلی کی طلب 28 ہزار 200 میگا واٹ ہے جبکہ پیداوار 21 ہزار 800 میگا واٹ ہے، جس کی وجہ سے ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 800 میگا واٹ ہوگیا ہے۔
ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ تیل و گیس کی کمی کے سبب کئی پاور پلانٹس بند پڑے ہیں، تاہم پاور پلانٹس بند ہونے کی وجہ سے ملک بھر میں لوگوں کو کئی کئی گھنٹے کی بجلی بندش کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
پاور ڈوژن کا کہنا ہے کہ سرکلر ڈیٹ کم کرنے کے لیے تیل اور گیس پر چلنے والے پاور پلانٹس بند کر دیے گئے ہیں، یہ پلانٹس اگست اور ستمبر میں بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاور ڈوژن ذرائع کے مطابق پاور پلانٹس بند ہونے کی وجہ سے شہروں میں 5 گھنٹے جبکہ دیہات میں 8 گھنٹے کی ایوریج لوڈشیڈنگ جاری ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے مختلف شہروں میں موسم خوشگوار ہے اور بجلی کی طلب میں کمی دیکھی جارہی ہے۔ تاہم اس کے باوجود لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ تھم نہیں سکا۔