فٹنس کا مطلب دبلا ہونا نہیں بلکہ! درفشاں سلیم کے بیان نے نئی بحث چھیڑ دی

تازہ ترین

تازہ ترین

Durefishan Saleem
FILE PHOTO

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی باصلاحیت اداکارہ درِفشاں سلیم نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں خواتین کے جسمانی خدوخال، خود اعتمادی اور شوبز انڈسٹری میں فٹنس سے متعلق سماجی دباؤ پر دو ٹوک اور حقیقت پسندانہ خیالات کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ فٹنس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ آپ دبلی پتلی ہوں بلکہ اصل فٹنس اچھی صحت اور اصل شخصیت کے ساتھ جینے میں ہے۔

اداکارہ نے یہ خیالات اپنے حالیہ انٹرویو میں سمتھنگ ہاٹ کو دیے گئے خصوصی مکالمے میں پیش کیے جس میں انہوں نے اپنے وزن، انڈسٹری میں جسمانی دباؤ، اور ذاتی نظریات پر کھل کر بات کی۔

درِفشاں نے اعتراف کیا کہ وہ ایک ہیوی اسٹرکچر رکھنے والی خاتون ہیں اور اسی وجہ سے انڈسٹری میں انہیں اکثر تنقید کا سامنا رہا ہے تاہم انہوں نے کبھی اپنی جسمانی ساخت کو تبدیل کرنے کا نہ سوچا اور نہ ہی ایسا کرنے کی خواہش رکھی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سفر آسان نہیں تھا مگر میں نے شروع دن سے طے کر لیا تھا کہ خود کو کبھی نہیں بدلوں گی۔

 

انہوں نے کہا کہ فٹ رہنے کا مطلب صرف صحت مند رہنا ہے، نہ کہ دبلا پتلا دکھائی دینا۔ مسلسل وزن کم یا زیادہ کرنے کی تھکن کو وہ برداشت نہیں کر سکتیں، اور وہ چاہتی ہیں کہ وہ جیسی ہیں ویسی ہی رہیں۔

درِفشاں کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اکثریتی خواتین بھی اسی جسمانی ساخت کی حامل ہیں، اور وہ چاہتی ہیں کہ ان کے کرداروں سے خواتین خود کو جُڑا ہوا محسوس کریں اور حقیقت یہ ہے کہ ایسا ہو بھی رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ متعدد خواتین ان سے مل کر کہتی ہیں کہ آپ تو اداکارہ لگتی ہی نہیں، بالکل ہماری جیسی لگتی ہیں۔

درِفشاں کے مطابق یہی ان کی اصل کامیابی ہے کہ لوگ ان سے جُڑتے ہیں، ان پر اعتماد کرتے ہیں، اور ان کی حقیقت پسندی کو سراہتے ہیں۔

آخر میں اداکارہ نے شوبز انڈسٹری کے عمومی رجحان پر سوال اٹھایا کہ جب ڈراموں میں دکھایا جاتا ہے کہ محبت کسی بھی رنگ، نسل یا جسمانی ساخت سے ہو سکتی ہے تو پھر حقیقی زندگی میں یہ شرط کیوں کہ ہیرو لمبا ہو اور ہیروئن دبلی پتلی؟

درِفشاں سلیم کا یہ موقف صرف ایک اداکارہ کی سوچ نہیں بلکہ معاشرے میں خواتین کے لیے اعتماد، قبولیت اور حقیقت پسندی کی نئی راہ ہموار کر رہا ہے۔

Related Posts