یہ تو پہچانے ہی نہیں جارہے! دی راک کو وینس فلم فیسٹیول میں دیکھ کر مداح حیران

تازہ ترین

تازہ ترین

Dwayne Johnson’s body transformation leaves fans stunned
ONLINE

ہالی ووڈ کے معروف اداکار ڈوین جانسن، جو دی راک کے نام سے مشہور ہیں، نے وینس انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں اپنی نئی فلم دی اسماشنگ مشین کے لیے حیران کن جسمانی تبدیلی کے ذریعے مداحوں کو دنگ کر دیا،اس فلم میں وہ حقیقی ایم ایم اے اور یو ایف سی لیجنڈ مارک کر کے کردار میں نظر آئیں گے۔

53 سالہ اداکار، جو اپنی مضبوط جسامت کے باعث جانے جاتے ہیں، اس بار نسبتاً دبلے اور مختلف انداز میں دکھائی دیے۔

ان کی یہ تبدیلی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ انہوں نے اپنے کردار کے لیے کس حد تک محنت کی۔ بیننی سیفڈی کی تحریر و ہدایت میں بننے والی اس فلم میں مارک کر کے کیریئر کے ساتھ ساتھ ذاتی زندگی کے نشیب و فراز کو بھی پیش کیا گیا ہے۔

 

ڈوین جانسن نے ایک انٹرویو میں کہا کہ یہ تبدیلی صرف جسمانی ہی نہیں بلکہ جذباتی بھی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ بڑے بجٹ کی فلموں کے بعد ان کے اندر ایک آواز تھی کہ انہیں کچھ اور کرنا چاہیے، اور یہ کردار انہیں وہ موقع فراہم کرتا ہے۔

ریڈ کارپٹ پر ایملی بلنٹ بھی ان کے ساتھ موجود تھیں، جو فلم میں مارک کر کی اہلیہ کے کردار میں نظر آئیں گی۔

فلم کی پریمئر اسکریننگ پر 15 منٹ تک کھڑے ہو کر تالیاں بجائی گئیں جس دوران ڈوین جانسن جذباتی ہوکر آنسو صاف کرتے رہے جبکہ ہدایتکار سیفڈی زانو کے بل بیٹھ گئے۔ اس موقع پر خود مارک کر بھی کاسٹ کے ساتھ کھڑے ہوکر فخر محسوس کر رہے تھے۔

مارک کر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے تاثرات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب تک یقین نہیں کر پا رہے کہ ان کی زندگی پردۂ اسکرین پر پیش کی گئی ہے۔

انہوں نے ڈوین جانسن کی محنت کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔ جواب میں ڈوین جانسن نے بھی کہا کہ تمہاری زندگی نے میری زندگی بدل دی ہے۔

فلم دی اسماشنگ مشین 3 اکتوبر کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی، جو شائقین کو مارک کر کی فتح، شہرت اور ذاتی جدوجہد کی کہانی دکھائے گی۔

Related Posts