جکارتہ: برادر اسلامی ملک انڈونیشیا میں شدید زلزلے کے نتیجے میں 34 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ زخمیوں کی تعداد سیکڑوں میں ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی خبر رساں ایجنسیز کا کہنا ہے کہ انڈونیشیا میں زلزلے کے بے حد شدید جھٹکوں کے باعث درجنوں عمارتیں زمیں بوس ہو گئیں، پل تباہ و برباد ہو کر رہ گئے جبکہ بجلی اور مواصلات کا نظام تباہ حالی کا شکار ہے۔
انڈونیشیا میں یہ زلزلہ گزشتہ روز 14 جنوری کے روز 11 بج کر 28 منٹ پر رات کے وقت پیش آیا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز پالوپو شہر سے 142 کلومیٹر دور تھا۔ زلزلے کی شدت 6 اعشاریہ 2 ریکارڈ کی گئی۔
شدید زلزلے کے باعث متعدد ہسپتالوں کی عمارات بھی زمیں بوس ہوئیں، ہسپتالوں میں زیرِ علاج مریض، ان کی عیادت کو آئے ہوئے لواحقین اور طبی عملے سمیت متعدد افراد ملبے میں دب گئے ہیں جس کی اطلاع ملتے ہی حکومتی ادارے حرکت میں آگئے۔
اب تک زلزلے کے نتیجے میں انڈونیشیا کے 34 شہری جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ سیکڑوں زخمی ہو گئے جنہیں ابتدائی طبی امداد مہیا کی جارہی ہے۔ ملبے میں دبے ہوئے افراد کو نکالنے کیلئے امدادی کام تیزی سے جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انڈونیشیا میں لاپتہ مسافر بردار طیارے کا ملبہ انسانی اعضاء سمیت مل گیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








