اسلام آباد، پنجاب و خیبر پختونخوا میں زلزلے کے جھٹکے؛ شہریوں میں خوف و ہراس

تازہ ترین

تازہ ترین

Earthquake jolts Swat, parts of Khyber Pakhtunkhwa
FILE PHOTO

پاکستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جنہوں نے شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا۔ زلزلے کے دوران لوگ گھبرا کر گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے کھلے میدانوں میں جمع ہو گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6.0 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 15 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز جنوب مشرقی افغانستان میں کوہ ہندوکش کے پہاڑی سلسلے کے قریب واقع تھا۔ جھٹکوں کا دورانیہ تقریباً 10 سیکنڈ رہا۔

زلزلہ رات 12 بج کر 17 منٹ پر آیا جس کے بعد 12 بج کر 38 منٹ پر 4.6 شدت کے آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے جنہوں نے شہریوں کو مزید خوفزدہ کر دیا۔

زلزلے کے اثرات نہ صرف دارالحکومت اسلام آباد اور لاہور میں محسوس کیے گئے بلکہ پشاور، مردان، چکوال، ٹیکسلا، واہ کینٹ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، مالاکنڈ، سوات، ہنگو، راولپنڈی، چترال اور دیگر کئی شہروں میں بھی جھٹکے رپورٹ ہوئے۔

اس کے علاوہ پنجاب کے متعدد علاقوں جیسے گوجرانوالہ، جھنگ، اٹک، تلہ گنگ، کلرکہار اور چوآسیدن شاہ میں بھی زلزلے کی شدت محسوس کی گئی۔ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع جن میں بنوں، نوشہرہ، کوہاٹ، چارسدہ، لوئر دیر، پاراچنار اور بونیر شامل ہیں، وہاں بھی زلزلے کے اثرات نمایاں رہے۔

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سے بھی جھٹکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم حکام صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

Related Posts