کراچی: دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن، پانی کی فراہمی متأثر ہونیکا خدشہ

تازہ ترین

تازہ ترین

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن
(فوٹو: آن لائن)

کراچی کے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا ہے جس کے نتیجے میں شہر کو پانی کی فراہمی متأثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ شہر قائد کو پہلے ہی پانی کی قلت کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا۔ حکام کا ماننا ہے کہ بریک ڈاؤن کے باعث پانی کی فراہمی کا نظام متأثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ بریک ڈاؤن دھابیجی کے سیکنڈ فیز میں پیش آیا۔

ترجمان واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش اور پانی کے بیک پریشر کے باعث 2 لائنیں متأثر ہوئی ہیں۔ فوری مرمتی کام کا آغاز جلد کیا جائے گا۔ بجلی کے بریک ڈاؤنز شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام پر منفی اثر ڈال رہے ہیں۔ واٹر کارپوریشن نے بریک ڈاؤن کے متعلق کے الیکٹرک انتظامیہ کو آگاہ کردیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی میں دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے 7 پمپ بند رہنے کے باعث پانی کی شدید قلت کا خدشہ پیدا ہوا تھا۔ ترجمان کراچی واٹر کارپوریشن نے تشویشناک اعلان کردیا۔

اپنے حالیہ بیان میں ترجمان کراچی واٹر کارپوریشن نے کہا کہ دوپہر سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر نئی لائن کو واٹرنیٹ ورک سے منسلک کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا، جس کیلئے پمپنگ اسٹیشن کے 7پمپ بند کردئیے جائیں گے۔

Related Posts